’’اسلامی دہشت گردی‘‘ کورس شروع کرنے پر دہلی اقلیتی کمیشن کا جے این یو کو نوٹس

dr-zafrul-islam
نئی دہلی: اخباری اطلاعات پر از خود نوٹس لیتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر ظفرالاسلام خان نے جے این یو کے رجسٹرار کو نوٹس جاری کیا ہے کہ کس بنیاد پر یونیورسٹی میں ’’اسلامی دہشت گردی‘‘ کا کورس شروع کیا جارہاہے۔ اخباری اطلاعات کے مطابق جے این یو کی اکیڈمک کاؤنسل کے بہت سے ممبران کی مخالفت کے باوجود یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔کمیشن نے اپنے باضابطہ نوٹس میں جے این یو ایڈمنسٹریشن سے سوال کیا ہے: (1) کیا ’’اسلامی دہشت گردی‘‘ کے بارے میں کورس شروع کرنے سے پہلے کوئی تصوراتی ورقہ (کونسیپٹ پیپر) تیار کیا گیا ہے۔ اگر کیا گیا ہے تو اس کی کاپی مہیا کی جائے۔ (2) کیا ’’اسلامی دہشت گردی‘‘ کا موضوع کسی دوسری ہندوستانی یا غیر ملکی یونیورسٹی میں پڑھایا جارہا ہے۔ اگر ہاں تو تفصیلات دیجئے۔ (3) اس کورس کے تحت کس علاقے پر فوکس کیا جائے گا ، اس کورس کے مصادر کیا ہوں، کون سی میتھوڈولوجی اپنائی جائے گی، کون سی ریفرنس کتابیں استعمال کی جائیں گی اور وہ کون ممتاز اکسپرٹ ہیں جو اس موضوع پر ریسرچ کریں گے اور اسے پڑھائیں گے۔ (4) کیا جے این یو کی موجودہ ایڈمنسٹریشن نے کورس شروع کرنے سے پہلے کیمپس میں، طلبہ پر اور باہر کی سوسائٹی پراس سے مترتب ہونے والے اثرات کے بارے میں غور کیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں   جے این یومیں ’اسلامک ٹیرزم‘ کی ہوگی پڑھائی

 

(5) اکیڈمک کاؤنسل کے ممبران کی پوری لسٹ فراہم کیجئے اور نشانزد کیجئے کہ کون کون ممبران اس میٹنگ میں شریک تھے جس میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔(6) اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’بہت سے ممبران‘‘ نے اس تجویز کی مخالفت کی۔ کیا اس تجویز پر ووٹنگ ہوئی تھی اور اگر ہوئی تھی تو اس کا نتیجہ کیا تھا۔ (7) جس میٹنگ میں اس مسئلے کے بارے میں گفتگو ہوئی اور فیصلہ لیا گیا، اس کی روئیداد کی کاپی بھیجئے۔ کمیشن نے رجسٹرار جے این یو کو ان سوالات کے جواب 5 جون تک بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *