اے ایم یونے برطانیہ کی غیرسرکاری تنظیم’ہیلنگ لِٹل ہارٹس‘ کے ساتھ مفاہمت نامہ پر دستخط کئے

Healing-Little-Hearts-team
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں بچوں کے دل کی پیچیدہ سرجری انجام دینے کے لئے برطانیہ کی غیرسرکاری تنظیم ’’ہیلنگ لِٹل ہارٹس‘‘ (ایچ ایل ایچ) کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ (میمورینڈم آف انڈراسٹینڈنگ) پر دستخط کئے ہیں۔ یہ باہمی اشتراک اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور، پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب اور اے ایم یو کے سابق طالب علم ڈاکٹر شمس الضحیٰ جو برطانیہ میں مقیم بچوں کے امراض قلب کے ماہر ہیں، کی پیش رفت کا نتیجہ ہے۔ رجسٹرار پروفیسر جاوید اختر، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں کارڈیوتھوریسک سرجری شعبہ کے سربراہ پروفیسر محمد حنیف بیگ اور ڈاکٹر اعظم حسین نے ایچ ایل ایچ کے ڈاکٹر سنجیو نِچانی (کنسلٹنٹ) اور ڈاکٹر شمس الضحیٰ کے ساتھ مفاہمت نامہ پر دستخط کئے۔
پروفیسر محمد حنیف بیگ نے کہا کہ اس مفاہمت نامہ سے ضرورت مند بچوں کی دل کی سرجری مفت میں ہوسکے گی۔ انھوں نے کہاکہ آزاد تحقیق یہ بتاتی ہے کہ ہندوستان میں ہر سال ایک لاکھ بچے ایسے پیدا ہوتے ہیں جن کے دل میں پیدائش سے ہی نقص رہتا ہے ، یہ بہت ضروری ہے کہ ان بچوں کو طبی سہولت فراہم ہو۔ انھوں نے کہاکہ ان بچوں کو فوری سرجری کی ضرورت ہوتی ہے مگر مالی دشواری کی وجہ سے والدین علاج نہیں کراپاتے اور علاج بھی معیاری نہیں مل پاتا۔ پروفیسر بیگ نے بتایا کہ برطانوی ٹیم سال میں کم سے کم ایک بار یہاں آکر سرجری انجام دے گی۔ انھوں نے کہا کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج جدید سہولیات کے ساتھ کمزور طبقات کے مریضوں کو سستا علاج فراہم کرتا ہے۔
اس سے قبل اپریل میں ’’ہیلنگ لِٹل ہارٹس‘‘ کی ٹیم نے ڈاکٹر محمد نثار، پروفیسر بیگ اور ڈاکٹر ایم اعظم حسین کی قیادت میں بچوں کے دل کے پیچیدہ آپریشن کئے تھے، جس میں ڈاکٹر شمیم گوہر، ڈاکٹر ایلن مکین، ڈاکٹر ندیم رضا اور ڈاکٹر مناظر اطہر نے انستھیسیا دیا ۔ یہ بچے شمالی ہند کے مختلف علاقوں سے تھے جنھیں مختلف اسپتالوں نے مسترد کردیا تھا۔ بچوں کی اینجیوگرافی ڈاکٹر شاد عبقری، ڈاکٹر کامران مرزا اور ڈاکٹر نیل سیلر نے کی ، جب کہ ڈاکٹر شہزاد عالم، ڈاکٹر شمس الضحیٰ اور ڈاکٹر ایما سمپسن نے جراحت کے بعد طبی دیکھ بھال کی اور صابر علی خاں ، این کراس اور انور رضوی نے فلوڈ دیا۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کے پرنسپل پروفیسر ایس سی شرما نے کامیاب آپریشن کے لئے سرجنوں کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *