جے این ایم سی میں منعقد ہ ’’سرجری اپڈیٹ۔2018‘‘ میں نامور ماہرین کی شرکت

surgery-update-2018-in-JNMC
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبۂ سرجری کی جانب سے دو روزہ پروگرام ’’سرجری اپڈیٹ۔2018‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا گیا جس کا مقصد نوجوان سرجنوں اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کو مختلف قسم کے کینسر اور دیگر سرجیکل بیماریوں کے علاج کے میدان میں ہونے والی جدید پیش رفت سے واقف کرانا تھا۔ ’’سرجری اپڈیٹ۔2018‘‘کے آرگنائزنگ چیئرمین پروفیسر محمد اسلم تھے، جب کہ پروفیسر عطیہ ذکاء الرب آرگنائزنگ سکریٹری اور ڈاکٹر واصف محمد علی جوائنٹ آرگنائزنگ سکریٹری تھے۔ دو روزہ پروگرام میں ملک کے متعدد نامور اداروں کے سرجری،سرجیکل گیسٹروانٹرولوجی اور سرجیکل آنکولوجی شعبوں کے ماہرین نے الگ الگ موضوعات پر اظہار خیال کیا۔
مدعو فیکلٹی ممبران میں مشہور سرجن اور ایس جی آر ایچ ، نئی دہلی میں سرجیکل گیسٹرو انٹرولوجی اور لیور ٹرانسپلانٹیشن کے پروفیسر ایمریٹس پدم شری پروفیسر سمیرن نندی ، پی جی آئی لکھنؤ کے سرجیکل گیسٹرو انٹرولوجی و لیور ٹرانسپلانٹ شعبہ کے سربراہ پروفیسر راجن سکسینہ، ایم ایل بی میڈیکل کالج، جھانسی کے سرجری شعبہ کے صدر پروفیسر راجیو سنہا، کے جی ایم یو لکھنؤ کے سرجیکل آنکولوجی شعبہ کے صدر پروفیسر ارون چترویدی، ایمس نئی دہلی کے سرجیکل ڈسپلن شعبہ کے صدر پروفیسر انوراگ سریواستو، پی جی آئی ایم ای آر چنڈی گڑھ کے سرجیکل گیسٹروانٹرولوجی ڈویزن کے صدر پروفیسر جی آر ورما ، ایمس بھوپال کے سابق ڈائرکٹر پروفیسر سندیپ کمار، کے جی ایم یو لکھنؤ کے سرجری شعبہ کے صدر پروفیسر ابھینو ارون سونکر، وی ایم ایم سی و صفدر جنگ اسپتال، نئی دہلی کے پروفیسر آف سرجری اور انڈین جرنل آف سرجری کے ایڈیٹر اِن چیف پروفیسر چنتامنی سمیت دیگر نامور ماہرین شامل تھے۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان اعزازی شرکت کرتے ہوئے گرمائی اسکولوں کے انعقاد اور میڈیکل سائنس میں ہونے والی جدید دریافتوں و تحقیق سے واقفیت پر زور دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے مہمان خصوصی پدم شری پروفیسر سمیرن نندی کی میڈیکل سائنس میں ان کی طویل خدمات کے لئے عزت افزائی کی۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب نے پروفیسر نندی کی خدمات اور حصولیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے نوجوان فیکلٹی ممبران سے ان کے نقش قدم پر چلنے اور میڈیکل کالج کو نئی اونچائیوں پر لے جانے کی اپیل کی۔
پروفیسر نندی نے اپنے خطاب میں ’سرجری اپڈیٹ۔2018‘ کے انعقاد کے لئے مبارکباد پیش کی ۔ انھوں نے کہا کہ اے ایم یو کا میڈیکل کالج ہندوستان کے ممتازو نامور میڈیکل کالجوں میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ افتتاحی تقریب کی نظامت سینئر ریزیڈنٹ پروفیسر زید انبساط نے کی۔ پروفیسر عطیہ ذکاء الرب نے شکریہ ادا کیا اور آفیشیل ویب سائٹ www.surgeryupdate2018.comکو ڈیزائن کرنے کے لئے شعبۂ سرجری کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر عماد علی کی ستائش کی۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *