اے ایم یو کی ہاکی ٹیم اور اے ایم یو الیومنائی ہاکی ٹیم کے درمیان دوستانہ ہاکی میچ کا انعقاد

hockey-teams
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی ہاکی ٹیم اور اے ایم یو الیومنئی ہاکی ٹیم کے درمیان یونیورسٹی ہاکی میدان پر ایک دوستانہ میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں الیومنئی ہاکی ٹیم نے3-2سے فتح حاصل کی۔ الیومنئی ہاکی ٹیم میں ممتاز سابق اولمپئین کھلاڑی بھی کھیلے۔میچ کے پہلے ہاف میں میزبان ٹیم کے کھلاڑی نوید علی خاں نے پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو1-0کی سبقت دلائی لیکن دو منٹ کے بعد ہی مہمان ٹیم کے کھلاڑی اولمپئین رائٹ آؤٹ جلال الدین کے پاس پر الطاف الرحمن نے گول کرکے اسکور کو برابری پر لا کھڑا کیا۔ اس کے بعد الطاف الرحمن نے ہی دوسرا گول کرکے اسکور2-1کردیا لیکن اے ایم یو ہاکی ٹیم کے کھلاڑی جتیش نے ایک مزید گول کرکے دوبارہ اسکور برابر کردیا۔میچ کے22ویں منٹ میں اولمپئین دانش مجتبےٰ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو3-2سے فتح دلائی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئین کھلاڑی پدم شری ظفر اقبال نے بھی ہاکی کے روایتی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے ریفری ڈپٹی ڈائرکٹر فزیکل ایجوکیشن انیس الرحمن خاں اور ناگیندر سنگھ رہے۔
مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے فاتح ٹیم کے کپتان جلال الدین کو انعام الرحمن ٹرافی اور نائب فاتح ٹیم کے کپتان نوید علی خاں کو جنید ضیاء ٹرافی پیش کی۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ طلبہ میں کھیلوں کے تئیں دلچسپی کو فروغ دینے کے لئے تسلسل کے ساتھ اس قسم کے میچوں کا انعقاد ہونا چاہئے۔ گیمس کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر سید امجد علی رضوی نے مہمانان کا خیر مقدم کیا جبکہ ڈپٹی ڈائرکٹر کھیل مسٹر انیس الرحمن خاں نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض مسٹر مظہر القمر نے انجام دئے۔ میچ دیکھنے کے لئے آر اے ایف کمانڈنٹ مسٹر ہلال فیروز سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ و طلبہ میدان پر موجود رہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *