ارریہ ، کشن گنج اور کٹیہار آہستہ آہستہ پاکستان میں تبدیل ہو رہا ہے،:گوپال نارائن سنگھ کامتنازعہ بیان

Gopal-Narayan-Singh
ارریہ میں ملک مخالف نعرے بازی کرنے کے الزام میں جمعہ کو دو لوگوں کی گرفتاری کے درمیان بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوپال نارائن سنگھ نے متنازعہ بیان دیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ارریہ ، کشن گنج اور کٹیہار آہستہ آہستہ پاکستان میں تبدیل ہو رہا ہے ۔عیاں رہے کہ گذشتہ روزبی جے پی مرکزی وزیرگری راج سنگھ نے بھی متنازعہ بیان دیا تھا۔انہو ں نے کہاتھا کہ ارریہ دہشت گردوں کا گڑھ بنے گا۔بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوپال نارائن سنگھ نے مرکزی وزیر گرراج سنگھ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے ارریہ ، کٹیہار اور کشن گنج کے متعلق متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اضلاع آہستہ آہستہ پاکستان میں تبدہل ہو رہا ہے۔اتنا ہی نہیں اسکے لئے انہوں نے ووٹ بینک کی سیاست کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
غور طلب ہے کہ ارریہ لوک سبھا کے ضمنی الیکشن کے نتائج آنے کے بعد سوشل میڈیا پروائرل ہوئے ایک ویڈیو میں کچھ لوگوں کو جانب سرفراز عالم کی جیت کا جشن منانے کے دوران بھارت مخالف نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سے علاقے میں نظم و نشق کے بگڑتے صورت حال کے پیش نظر پولیس سرگرم ہو گئی تھی۔ ویڈیو کی جانچ کے دوران پولیس نے پہلے لوکیشن کی شناخت کی۔ پھر ان دونوں افراد کوگرفت میں لینے میں کامیاب ہو گئے۔ جنہوں نے بھارت مخالف نعرے بازی کی تھی۔
ا س سے قبل مرکزی وزیر گرراج سنگھ نے ارریہ لوک سبھا سیٹ سے آرجے کے امیدوار سرفرازعالم کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارریہ میں سرفراز عالم کی جیت سے وہاں پر ملک مخالف طاقتوں کو سرگرم ہونے کا موقع ملے گا۔ آرجے ڈی کی نائب قومی صدر رابڑی دیوی سمیت این ڈی اے کی حلیف پارٹی جے ڈی یو نے بھی گرراج سنگھ کے متنازعہ بیان کی تنقید کی تھی۔ غور طلب ہے کہ انتخابی تشہیر کے دوران ارریہ میں ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی ریاستی صدر نتیا نند رائے نے بھی لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا اگر ارریہ میں سرفراز عالم کی جیت ہوتی ہے تو یہ حلقہ آئی ایس آئی کا اڈہ بن جائگا۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *