پروفیسر اختر الواسع کوپروفیسر ایمریٹس بنائے جانے پر استقبالیہ

prof-akhtarul-wasey
’’شعبہ اسلامک اسٹڈیز ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ملک میں منفرد شناخت ہے اور اس میں کسی ایک نے نہیں ،بلکہ تمام اساتذہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ہمیں ہرحال میں اس شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں رہنا چاہیے۔‘‘ان خیالات کا اظہارپروفیسر اختر الواسع نے پروفیسر ایمریٹس بنائے جانے پرشعبہ اسلامک اسٹڈیز ،جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی کی جانب سے منعقد ایک استقبالیہ تقریب میں کیا ۔انہوں نے شعبہ میں محبت اور ہم آہنگی کا ماحول بنائے رکھنے کے لیے اساتذہ کو مسلکی اور فکری تعصبات سے بالا ہوکر سوچنے ، سمجھنے اور کام کرنے پر زور دیا۔
پروفیسر محمد اسحق،صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز اور ڈائریکٹر ذاکر حسین انسٹی ٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز نے پروفیسر اختر الواسع کی شخصیت اور خدمات کے تعلق سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ان کی مرشدانہ تربیت نے اسلامک اسٹڈیز کے طلبہ کی کئی نسلوں کو فیض یاب کیا ہے ۔انہوں نے پروفیسر موصوف کی ایک اہم خصوصیت تعصب سے پاک ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اسے اختیار کرنا چاہیے۔ شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے سابق صدر پروفیسر اقتدار محمد خاں نے اپنے استقبالیہ کلمات میں پروفیسر اختر الواسع کی علمی و فکری شخصیت کے خد وخال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلامیات کے میدان میں پہلے پروفیسر ایمریٹس ہیں اورہم خوش نصیب ہیں کہ اب وہ پھر سے ہمارے درمیان موجود ہیں۔امید ہے کہ جامعہ اور شعبہ اسلامک اسٹڈیز ان کی رہ نمائی برابر ترقی کرتا رہے گا۔
پروفیسر سید شاہد علی نے پروفیسر اخترالواسع سے اپنے درینہ تعلقات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بعض خصوصیات کا ذکر کیا اور انہوں نے کہا کہ ان کی اڑتیس سالہ تدریسی زندگی ہمارے لیے ایک اہم نمونے کی حیثیت رکھتی ہے جس کو عمل میں لاتے ہوئے ہم اپنی علمی اور تدریسی زندگی کو زیادہ مفید اور بامعنی بنا سکتے ہیں۔پروگرام کا آغاز ڈاکٹر محمد خالد خان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر محمد مشتاق نے کی اور ڈاکٹر محمد ارشد نے کلمات تشکر پیش کیے۔ تقریب میں شعبہ کے جملہ اساتذہ ڈاکٹر محمدعمر فاروق،ڈاکٹر خورشید آفاق،ڈاکٹر نجم السحر،ڈاکٹر وارث مظہری، اسامہ شعیب علیگ ،محمد مسیح اللہ،محمدتحسین زمان،اشرف الکوثر کے علاوہ شعبہ عربی کے سابق صدر پروفیسر ایوب ندوی اور ڈاکٹر صہیب عالم موجود تھے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *