اسلم حسن کے جی ایس ٹی تھیم سونگ کا شاہ رخ خاں کے ہاتھوں اجراء

GST-SONG
اشیاء اور سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے تھیم سونگ کا اجراء ممبئی میں کنگ خاں شاہ رخ خاں اور چیف انکم ٹیکس کمشنر راجیو ٹنڈن اور وشاکھا پٹنم میں بحریہ کے مشرقی کمان کے ایڈمرل مسٹر کرم ویر سنگھ اور چیف انکم ٹیکس کمشنر وائی ایس سہراوت کے ہاتھوں ایک ساتھ عمل میں آیا۔ اس نغمہ کے خالق معروف شاعر اورمحکمہ انکم ٹیکس میں جوائنٹ کمشنر اسلم حسن ہیں۔جی ایس ٹی کو عوام میں مقبو ل بنانے والے اس نغمے کو محکمہ انکم ٹیکس نے اپنا گیت تسلیم کرلیاہے۔ اس نغمہ کو میوزک رتیش بھویر نے دی جب کہ مشہور پارشو گلوکارہ، سماجی کارکن اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کی اہلیہ امرتا فڑنویس نے اور گلوکار زبین نوٹیا ل نے اپنی آواز سے سجایا سنوارا ہے۔
ممبئی میں بین الاقوامی کسٹم ڈے کے مناسبت سے جاری جی ایس تھیم سونگ کے اجراء کے موقع پرمشہور بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خاں کے ساتھ محترمہ امرتا فڑنویس،زبین نوٹیال، میوزک ڈائرکٹر رتیش بھویر کے علاوہ متعدد سینئر افسران موجود تھے۔ اسی طرح وشاکھا پٹنم میں منعقدہ تقریب میں بحریہ کے مشرقی کمان کے ایڈمرل مسٹر کرم ویر سنگھ اور چیف کمشنر وی ایس سہراوت نے اس جی ایس ٹی نغمہ کو جاری کیا ۔ اس موقع پر افسران نے کہاکہ یہ نغمہ جی ایس ٹی کے بارے میں لوگوں میں نہ صرف صحیح سمجھ پیدا ہوگی بلکہ اس کے سمجھنے کی سمت میں رہنمائی بھی کرے گا۔ سی بی ای سی کی چےئرپرسن محترمہ ونجا سرنا نے مسٹر اسلم حسن کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اسلم حسن کی جی ایس ٹی نغمہ جی ایس ٹی کو مقبول بنانے میں اہم کرادار ادا کرے گا اور اس کے ذریعہ جی ایس ٹی کے تئیں عوام کا نظریہ بھی بدلے گا۔ انہوں نے اسلم حسن کے بارے میں کہاکہ وہ ایک ذمہ دارافسرکے ساتھ ساتھ اچھے شاعربھی ہیں جوپورے محکمہ کے لئے باعث فخر ہے۔
واضح رہے کہ اسلم حسن انڈین ریونیو سروس (آئی آر ایس) کے سینئر افسر اور جوائنٹ کمشنر انکم ٹیکس (جی ایس ٹی) ہیں اور اس وقت وشاکھا پٹنم میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں۔ وہ بہار کے ضلع ارریہ ، کملداہا کے تعلق رکھتے ہیں۔وہ مختلف مشاعروں اور کوی سمیلن میں اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کرتے رہے ہیں۔اسلم حسن کو شاعری ورثے میں ملی ہے ،ان کے والد زبیر الحسن غافل (سابق ایڈیشنل سیشن جج) اچھے شاعرکی حیثیت سے مشہور ہیں۔ جی ایس ٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر اس نغمہ کو اپ لوڈ یا گیا ہے اور ٹوئٹر پر بھی ڈالا گیاہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *