بی جے پی ترجمان کا دارالعلوم دیوبند کو دقیانوسی ادارہ کہناتنگ نظری ہے:علماء کرام

ulema
یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ آئے دن ملک میں مدارس اسلامیہ کونشانہ بنایاجاتارہاہے۔کبھی مدارس کودہشت گردوں کااڈا کہاجاتاہے ،توکبھی مدارس کوختم کرنے کی باتیں کی جاتیں ہیں۔حالانکہ مدارس اسلامیہ ،اکابرین علماء اورمدارس کے فضلاء نے ملک وملت تعمیر وترقی،ملک کی آزادی میں جورول اداکیاہے، اسے کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتاہے۔مدارس ،علماء کرام نے ہمیشہ ملک مخالف دشمنوں ، دہشت گردوں کی پروزمذمت کی ہے۔اب ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے فتوؤں کے خلاف اب بی جے پی میدان میںآگئی، بی جے پی کی ریاستی ترجمان راکیش ترپاٹھی نے دارالعلوم دیوبند کو دقیانوس سوچ والا ادارہ قرار دیتے کہاکہ دارالعلوم دیوبند ملک کا ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے جس کی ذمہ داری سماج میں تعلیمی اندھیرا دور کرنے کی ہے لیکن وہ مسلم معاشرہ کو مزید اندھیرے دھکیل رہاہے۔بی جے پی ترجمان کے اس بیان پر علماء نے اپنے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے اور اس کو چھوٹی سوچ قرار دیتے ہوئے اسلام ایک آسمانی قدیم مذہب ہے جس میں زمانے کی سہولیات کے مطابق ہر حکمت عملی شامل ہے۔
اس سلسلہ میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ کوئی سیاسی جماعت دارالعلوم دیوبند کے تئیں کیا نظریہ رکھتی ہے اس پر وہ کچھ نہیں کہے گیں ،انہوں نے کہاکہ فتویٰ قرآن وحدیث کی روشنی میں دیئے جاتے ہیں اور ادارہ اس کام کو قرآن وحدیث کی روشنی میں کرتا رہے گا۔ ماہنامہ ترجمان دیوبند کے مدیر اعلیٰ مولانا ندیم الواجدی نے نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند اور مسلمانوں کے دیگر مذہبی اداروں پر دقیانوسیت کے الزامات کئی نئی بات نہیں ہے ،بلکہ ہمیشہ سے ان اداروں کو رجعت پسند،قدامت پسند جیسے الفاظ سے یاد کیا جاتاہے، لیکن ہمیں اس پر براماننے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم اپنے آپ کو ایک ایسے مذہب سے جڑا ہوا مانتے ہیں جو چودہ سوسال پراناہے،اسلئے اگر ہم پر کوئی دقیانوسیت کا الزام لگاتاہے تو اس میں بر ائی کی کوئی بات نہیں بلکہ ہمیں اس پر فخر ہے کہ ہم ایک قدیم آسمانی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہم یہ بھی واضح کردیناچاہتے ہیں کہ اسلام کی کوئی بھی تعلیم ایسی نہیں ہے جس میں زمانے کے تقاضوں کو نظر انداز کیا گیا ہو،بلکہ اس کی ہر تعلیم زمانے کے عین مطابق ہے،جس میں سہولت اور حکمت پوشیدہ ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *