بزرگ عالم دین مولانا محمد سالم قاسمی کے ہاتھوں سہ ماہی مجلہ ’’وائس آف دارالعلوم‘ ‘کا اجراء

Vioce-of-Darul-Uloom

دیوبند کی عظیم روایات اور عصری تقاضوں کے مدنظر رکھ کرعلمائے دیوبند کے علوم وافکار اور عالمی پیمانے پر اسلام کی تبلیغ واشاعت کی غرض سے انگریزی زبان کی روز افزوں عصری افادیت کے پیش نظر دیوبند کے مدارس اسلامیہ سے پہلی بار دارالعلوم وقف دیوبند کے شعبہ بحث وتحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی کے زیر اہتمام بزبان انگریزی سہ ماہی مجلہ ’’وائس آف دارالعلوم‘‘Voice of Darul Uloom کا اجراء مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر اور دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر مہتمم مولانا محمد سالم قاسمی کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔

 

 

 

 

 

اس موقع پر مولانا محمد سالم قاسمی نے فرمایا کہ اسلام ایک آفاقی اور دائمی مذہب ہے ، اس کے پیغامات اور اس کی تعلیمات کسی ایک طبقہ کیلئے محدود نہیں ہے، اس کی آفاقیت اس بات کی متقاضی ہے کہ عالمی پیمانے پر اس کی نشر واشاعت اور دعوت وتبلیغ کا فریضہ انجام دیا جائے، قرآن کریم نے بھی تبلیغ اسلام کے بے شمار فضائل واحکامات ذکر فرمائے ہیں ، خود آپ ﷺ نے جملہ عصری وسائل کا استعمال فرماتے ہوئے اسلام کے پیغام کو دنیا کے گوشے گوشے میں پہونچایا، آج جبکہ اسلامی تعلیمات سے ناواقفیت کی بناء پر لوگ مذہب اسلام کو اپنا ہدف تنقید بنارہے ہیں ، تو ایسے میں اس بات کی ضرورت شدید ہوجاتی ہے کہ جملہ عصری مناہج واسلوب اور اسباب وسائل اختیار کرتے ہوئے اسلام کے آفاقی پیغام کو دنیا کے گوشے گوشے میں پہونچائیں ،تاکہ اسلام کی تعلیمات کے تئیں لوگوں کو غلط فہمیاں دور ہوں اور اسلام کا صحیح پیغام واحکام ان تک پہونچے ، اس عمل کیلئے موجودہ دور میں دیگر بہت سے اسباب وسائل میں سے ایک مضبوط اور قوی ذریعہ زبان بھی ہے ، اور خصوصاً انگریزی زبان جوکہ موجودہ دور میں عالمی زبان کا درجہ قرار پاچکی ہے ، اس عالمی زبان کو دعوت وتبلیغ کا ذریعہ بنایا جائے اور اس کے ذریعہ اس کے آفاقی تعلیمات کو لوگوں تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ دارالعلوم وقف دیوبند کا شعبہ بحث وتحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی اپنی توجہ کا ارتکاز اس جانب بھی کئے ہوئے ہے، دوسالہ شعبہ انگریزی میں کامیاب فضلاء کی تیاری کے بعد اب سہ ماہی ’’وائس آف دارالعلوم‘‘ بزبان انگریزی شائع کیا جارہا ہے ، اللہ تعالیٰ اسے مقبولیت عطاء فرمائے اور دعوت خیر کا ذریعہ بنائے ۔

 

 

 

 

دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’وائس آ ف دارالعلوم ‘‘ بزبان انگریزی کی اشاعت یقیناًدارالعلوم وقف دیوبند کی ترقیات کی جانب ہوتی پیش رفت کا ایک اہم حصہ ہے ، اس کے لئے شعبہ بحث وتحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی اور اس کے افراد قابل مبارکباد ہے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں انگریزی زبان عالمی زبان کا درجہ رکھتی ہے ، اس لئے ضروری ہے کہ دعوت اسلام کے لئے خصوصاً اس زبان کو ذریعہ اور وسیلہ بناکر اغیار کو اسلامی تعلیمات واحکامات سے روشناس کرائیں اور مجھے امید ہے کہ یہ رسالہ اس باب میں نمایاں اہمیت اور مقام کا حامل ہوگا ، ترقیات کی بلندیوں کو چھوئے گا اور ساتھ ہی علماء دیوبند کے اعتدال فکر ونظر کا ترجمان ثابت ہوگا، حضرت مولانا سالم قاسمی کے ہاتھوں سہ ماہی وائس آف دارالعلوم کا اجراء عمل میں آیا ، اس موقع پر رسالہ کے مدیر مولانا ڈاکٹر شکیب قاسمی کے علاوہ مولانا مفتی عارف ،قاری محمد واصف ،مفتی اسعد قاسمی ، مفتی سجاد قاسمی ،مولانا اظہار الحق اور مولانا جمشید عادل وغیرہ بطور خاص موجود رہے ۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *