جمعیۃ علماء ہند ملک وملت کی ترقی کیلئے سرگرم :مولانا اسجد مدنی

Mulana-Asjad-Madani
ریاست اترکھنڈ کی مشہور بستی پیران کلیر میں جمعیۃ علماء ہند صوبہ اتراکھنڈ کے ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں دہلی، دیوبند، دہرادون، ہلدوانی، نینی تال کے علاوہ قرب و جوار کے علمائے کرام اور دانشوران نے شرکت کی اور ملک و ملت کے موجودہ مسائل اور قومی یکجہتی پر اظہار خیال کیا اور لوگوں کو سنت و شریعت پر عمل پیرا ہونے کی دعوت دی ۔ نیز جمعیۃ علماء ہند کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
جمعیۃ علماء ہند کے قومی نائب صدر مولانا اسجد مدنی نے اپنی تقریر میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند وہ تحریک ہے جس نے ملک کی آزادی میں قیادت کا رول ادا کیااور اس کے بعد سے اب تک قوم و ملت کی خدمت اور مظلوموں کی مدد کرتی آرہی ہے، حال میں آسام کے اندر سینتالیس لاکھ گھرانوں کو ملک کی شہریت دلانے کا کام بھی اسی کی ایک کڑی ہے، جس میں بائیس لاکھ گھرانے غیر مسلم ہیں۔ اس کے علاوہ جمعیۃ دہشت گردی کے الزام میں گرفتار ہزاروں بے گناہوں کے مقدمے لڑ رہی ہے، جن میں کچھ مقدمات ان غیر مسلموں کے بھی ہیں جن پر بے وجہ دہشت گردی کا الزام ہے۔ جمعیۃ کے صوبائی صدر مفتی ریاست علی قاسمی نے لوگوں کو اتحاد و اتفاق سے رہنے، رسم و رواج اور فضول خرچی سے بچ کر شادی بیاہ کرنے اور تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے پر زور دیا۔
مولانا شرافت علی ضلعی صدر ہریدوار نے پیران کلیر میں جمعیۃ کے صوبائی دفتر کے تعمیر ہونے اور لوگوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ معروف شاعر افضل منگلوری نے جمعیۃ کا ترانہ پڑھ کر سنایا۔ مولانا حلیم اللہ جنرل سکریٹری صوبہ مہاراشٹر کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔ دانشوران میں مولانا رئیس احمد عرشیؔ کلیری صدر انجمن تحفظ ناموس صحابہ منگلور، مفتی محمد معصوم قاسمی صدر آل انڈیا مجلس صدائے حق، مفتی توفیق الٰہی قاسمی، قاری شہزادسمیت کثیر تعدادعوام نے شرکت کی۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *