اے ایم یونے سابق ریسرچ اسکالر منان بشیر وانی کی سرگرمیوں کی جانچ کیلئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی 

Mannan-Bashir-Wani

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے سابق پی ایچ ڈی طالب علم منان بشیر وانی کے سلوک اور سرگرمیوں کی جانچ کے لئے ایک دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے چیئرمین ہادی حسن ہال کے پرووسٹ پروفیسر ایس ایچ عارف اور این آر ایس سی ہال کے پرووسٹ پروفیسر کملیش چندر رکن ہیں۔ اے ایم یو کے رجسٹرار کے دفتر سے جاری حکم نامہ میں کمیٹی سے ایک ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

 

 

 

 

اسی سلسلہ میں ڈینس اسٹوڈینٹس ویلفیئر نے سبھی ہالوں کے پرووسٹوں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں ان سے اپنے اپنے ہالوں میں حفاظت کے مخصوص طریقے برتنے کی اپیل کی گئی۔قائم مقام ڈین اسٹوڈینٹس ویلفیئر پروفیسر محمد صغیر خاں نے میٹنگ میں سبھی پرووسٹوں اور وارڈنوں سے اپیل کی کہ وہ دیر رات تک اپنے اپنے ہالوں میں مسلسل چیکنگ کریں اور اس امر پر خصوصی توجہ دیں کہ کوئی بھی آنے والا اجازت کے بغیر ہال میں داخل نہ ہونے پائے۔

 

 

 

 

ڈی ایس ڈبلیو دفتر نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ طلبہ کو ہالوں میں داخلہ کے لئے داخلی دروازے پر شناختی کارڈ دکھانا ہوگا اور پرووسٹ اس امر کی جانچ کریں گے کہ سبھی کمروں میں مجاز طلبہ ہی مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ ہالوں میں کسی بھی موٹر گاڑی کے داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ساتھ ہی طلبہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی ناواقف شخص سے یونیورسٹی یا خود سے متعلق کوئی گفتگو نہ کریں۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کیمپس میں لگے سبھی سی سی ٹی وی کیمروں کو درست کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *