اے ایم یوکے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کا یوم تاسیس منایا گیا

Students-performing
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج نے اپنا یوم تاسیس جوش و خروش کے ماحول میں منایا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور بطور خاص موجود تھے۔ انھوں نے اساتذہ، سوسائٹی اراکین و عملہ کی محنت کو سراہتے ہوئے طلبہ کی ہمت افزائی کی ۔ وائس چانسلر نے کہا ’’ڈگری پانا ایک الگ بات ہے اور عملی طور سے کسی چیز کو جاننا ایک دوسری بات ہے، لہذا طلبہ کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ کلینیکل علم کا حصول لازمی ہے‘‘۔
وائس چانسلر نے اس موقع پر پیریو ڈونٹولوجی کے جدید اسمارٹ کلاس روم، پیڈو ڈونٹکس شعبہ کی پی جی کلینک اور جسمانی طور سے معذور اور ضعیف العمری کے مریضوں کے لئے جدید طریقہ سے تیار کی گئی کلینک کا افتتاح کیا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کے صدر اور بی ڈی ایس طالب علم مشکور اے عثمانی نے یونیورسٹی کی بہتری کے لئے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس سے قبل وائس چانسلر کا خیرمقدم کرتے ہوئے زیڈ اے ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آرکے تیواری نے انڈرگریجویٹ اور پی جی طلبہ کے لئے تدریسی سہولیات کو بہتر بنانے کے مقصد سے کالج کی مختلف ضروریات بیان کیں۔ اس موقع پرمیڈیسن فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ایس سی شرما، پروفیسر سیما حکیم اور دیگر معززین موجود تھے۔
خطبۂ استقبالیہ کالج سوسائٹی کے صدر وسیم احمد نے پیش کیا۔ کالج کی سائنٹفک سکریٹری فاطمہ صدیقی اور کلچرل سکریٹری حبا انصار وغیرہ نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔ کالج سکریٹری سدرہ اسلم نے ہفت روزہ رپورٹ پیش کی جب کہ کالج سوسائٹی کے نائب صدر محمد اسود خاں نے اظہار تشکر کیا۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *