عربی زبان میں تقریری مسابقہ

arabic-students
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبۂ عربی کیعربی سوسائٹی کے زیر اہتمام گزشتہ روز عربی زبان میں ایک تقریری مسابقہ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایم۔اے۔ اور بی۔اے کے طلبہ نے مختلف موضوعات پر عربی زبان میں تقریریں کیں۔ اس پروگرام میں طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اوردیئے گئے اور مختلف عناوین کے تحت مقررہ اوقات میں اپنی تقریر کو ختم کرنے کی کوشش کی، انہوں نے موضوع سے متعلق سامعین کو مفید معلومات سے روشناس کرایا۔بعض شرکاء نے سر سید علیہ الرحمۃ پر گفتگو کرتے ہوئے ان کی تعلیمی و اصلاحی افکار و نظریات اور قوم کی تعمیر و ترقی میں ان کی مخلصانہ کوششوں کو اجاگر کیا۔ بعض طلبہ نے عربی زبان و ادب کے نوبل انعام یافتہ، مایہ ناز ادیب اور ناول نگارنجیب محفوظ کی زندگی اور ان کے علمی و ادبی کارناموں کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ اسی طرح بعض طلبہ نے ہندوستان میں عربی صحافت کی ابتداو ارتقاء کے مراحل گفتگو کرتے ہوئے ہندوستان سے عربی زبان میں شائع ہونے والے بعض اہم عربی رسائل و جرائد کا ذکر کیا۔
پروگرام کی صدارت شعبۂ عربی کی استاذہ اور عربی سوسائٹی کی نگراں ڈاکٹر تسنیم کوثر قریشی نے انجام دی۔انہوں نے اپنے صدارتی کلمات میں تمام شرکاء کی تعریف کی اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔ طبلہ کی تربیت اور ان کی علمی شخصیت کی تعمیر و ترقی کے لئے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کو مفید اور ضروری قرار دیا۔ انہوں نے سوسائٹی کے ذمہ داروں خاص طور سے نائب صدر محمد ابوذر اور سکریٹری محمد عاصم کو مبارک باد پیش کی۔ آخر میں نتائج کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کودرس و مطالعہ میں دلچسپی لینے کی تلقین کی۔ کامیاب طلبہ کے ساتھ انہوں نے ان تمام شرکاء کی بھی بھرپور حوصلہ افرائی فرمائی جنہوں نے اس مسابقہ میں حصہ لیا۔ خاص طور پر انہوں نے ایم اے سال آخر کی ایک طالبہ ماریہ مشتاق کی تعریف کی جنھوں نے عربی زبان میں اپنی تقریر کی۔ اس مسابقہ میں محمد کاشف(بی۔اے۔ سال آخر)، ابو سفیان (ایم۔اے سال اول) اورعمار آصف (بی۔اے۔ سال آخر) نے بالترتیب اول ، دوم اور سوم انعمات حاصل کئے ۔ ان کے علاوہ دو تشجیعی انعامات ماریہ مشتاق اور عبدالغنی (ایم۔اے۔ سال آخر)کا بھی اعلان کیا گیا۔جج کے فرائض شعبۂ عربی کے اساتذہ ڈاکٹر محمد شبیر صدیقی اور ڈاکٹر ابوذر متین نے انجام دیئے ۔ محمد فیصل ندوی کی تلاوت قرآن پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *