اے ایم یو مرشدآباد سنٹر کے طلبا نے دو ممتاز تحقیقی اداروں کا تعلیمی دورہ کیا

amu-murshidabad
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مرشدآباد سنٹر کے بزنس ایڈمنسٹریشن شعبہ کے طلبہ حال ہی میں اپنے سالانہ تعلیمی دورہ کے تحت سنٹرل سیریکلچرل ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی ، برہام پور کے سفر پر گئے۔ طلبہ نے مذکورہ دونوں ممتاز اداروں کے اساتذہ و طلبہ سے گفت و شنید کی اور ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ اور ریشم پالن کی مختلف جدید تکنیکوں کا مشاہدہ کیا۔ اے ایم یو مرشدآباد سنٹر کے ڈائرکٹر ڈاکٹر بدرالدّجیٰ نے کہا کہ سنٹر طلبہ کی ہمہ جہت شخصی ارتقاء کے لئے انھیں مسلسل مواقع فراہم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایم بی اے کے طلبہ کو نظریاتی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ مذکورہ تعلیمی دورہ کا اہتمام ایم بی اے کورس کوآرڈنیٹر ڈاکٹر نگمانند بسواس (ایسوسی ایٹ پروفیسر) اورڈاکٹر راشد عثمان انصاری (اسسٹنٹ پروفیسر) و مسٹر مفیق الاسلام (اسسٹنٹ پروفیسر) کی رہنمائی میں کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ سنٹرل سیریکلچرل ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برہام پور ایک ممتاز تحقیقی ادارہ ہے جسے ملک کے شمال اور شمال مشرقی خطہ میں ریشم صنعت کے فروغ کے مقصد سے نئی تحقیقات کے لئے 1943میں قائم کیا گیا تھا ۔ جب کہ گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکسٹائل ٹیکنالوجی برہام پور، ویسٹ بنگال یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کا ایک کالج ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *