’سیکرٹ سپر سٹار‘زائرہ وسیم پاکستانی فلم میں کام کرنے کی خواہاں

zaira-wasim
’دنگل گرل‘ اور’سیکرٹ سپر سٹار‘زائرہ وسیم پاکستانی فلم میں کام کرنے کی خواہاں ہیں۔بی بی سی کے مطابق بالی وڈ کی معروف فلم ’دنگل‘ اور ’سیکرٹ سپر سٹار‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی 17 سالہ کشمیری اداکارہ زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ اگر انھیں پاکستانی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو وہ بالکل کریں گی۔سترہ برس کی عمر میں یا صرف دو برس کے عرصے میں دو بڑی فلموں میں اداکاری اور نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے پر زائرہ وسیم نے کہا کہ اتنی جلدی اس مقام پر پہنچنے پر کسی دباؤ میں نہیں بلکہ وہ خود کو بڑی خوش قسمت تصور کرتی ہیں۔میں بہت خوش ہوں اور خود کو بہت خوش قسمت تصور کرتی ہوں کہ مجھے اتنے اچھے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کو ملا، اور سب سے اہم کہ جن فلموں میں مجھے کام کرنے کا موقع ملا وہ نہ صرف تفریح فراہم کرتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ لوگوں تک پیغام بھی پہنچاتی ہیں اور اس پر میں بہت خوش ہوں۔ اور جہاں تک دباؤ کی بات ہے تو میری شخصیت ایسی ہی کہ ہر وقت زیادہ سوچتی رہتی ہوں۔
زائرہ وسیم کی پہلی ہی فلم’دنگل’بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی۔ زائرہ وسیم نے فلم میں انڈیا کی اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی خاتون ریسلر گیتا پھوگاٹ کا کردار ادا کیا اور اس پر بہترین سپورٹنگ اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ حاصل کیا۔دنگل کی کامیابی نے زائرہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور یہ سلسلہ یہاں پر ہی نہیں رکا بلکہ دنگل میں ان کے والد کا کردار ادا کرنے والے اداکار عامر خان ان کی نئی فلم سیکرٹ سپر سٹار میں پلے بوائے میوزک پروڈیوسر کے کردار میں نظر آتے ہیں۔
بی بی سی کے مطابق پاکستان میں سیکرٹ سپرسٹار پسند کیے جانے پر زائرہ وسیم نے کہا کہ’پہلے تو لوگوں کا فلم کو پیار دینے پر بہت شکریہ اور انھیں فلم ضرور پسند آئی ہو گی اور جنھوں نے نہیں دیکھی وہ جا کر دیکھیں اور پہلے سے دیکھنے والی دوبارہ جا کر دیکھیں اور اگر پاکستان سے فلم کی پیشکش ہوئی تو ہاں ضرور بالکل کریں گی۔’
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *