مولانا اصغرسلفی نے سعودی عرب کے شاہی محل پرحملہ کی مذمت کی

asgar-ali-imam-ali-mehdi
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے مملکت سعودی عرب کے شاہی محل پرہوئے حملے کی پرزورمذمت کی ہے اور اسے انتہائی افسوسناک وبزدلانہ عمل قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جنہیں مملکت سعودی عرب کا مبنی برکتاب وسنت دستور ،امن وشانتی ،عدل اجتماعی ،عوام ورعایا کی خوشحالی ،اورہمہ جہت وبے مثال دینی وانسانی خدمات کی وجہ سے دنیا میں ہردل عزیزی پسند نہیں ہے،وہ اس طرح کی بزدلانہ حرکتیں اور سازشیں کرتے رہتے ہیں۔افسوس کی بات یہ ہے کہ ان عناصرکے شرسے مشاعرمقدسہ اور مناسک حج بھی محفوظ نہیں رہ گئے ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف مملکت سعودی عرب کے اقدامات کی تحسین وتائید عالمی برادری نے بھی کی ہے،امیر جمعیت نے اس کے مثالی ولائق تعریف موقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہاہے کہ مملکت سعودی عرب ہی وہ واحد ملک ہے جو عالم اسلام میں اسلام کی صحیح نمائندگی کرنے کی وجہ سے امن وشانتی کا گہوارہ ہے اوروہاں تمام مذاہب کے وافدین امن وسکون کی زندگی گذارتے ہیں۔
مملکت سعودی عرب اپنی تعمیروترقی اورعالمی وانسانی خدمات ،ہرطرح کی اچھائی اور بہتری کی وجہ سے انتہائی پرامن ملک ہے۔ ساتھ ہی دنیا کے عظیم ترین اژدہام کے باوجود وہاں سے مناسک حج وعمرہ وغیرہ کرکے خوش وخرم امن وسکون کے ساتھ اپنے گھروں کو لوٹنے والے حجاج کرام کے ذریعہ اس کی تعریف وتحسین بھی اعدائے اسلام کے لئے سوہان روح ہے۔یہی وجہ ہے کہ وہاں کے امن وسکون کو غارت کرنے کے لیے نت نئی راہیں اختیار کی جاتی ہیں۔یمن میں بغاوت کرنے والوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے بعض عالمی اداروں نے جو چال چلی ہے وہ اسی گھبراہٹ وبوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ امیر جماعت نے پورے عالم کوپرسکون طورپر جینے اور جینے دینے کی اپیل کے ساتھ ساتھ اس مملکت خدادادکی سلامتی اوروطن عزیز اورسارے عالم میں امن وشانتی کی خصوصی دعا کی ہے۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *