امبیڈکر کانگریس نے مغل حکمرانوں کوایمانداربتایا

nawab-kazim-ali khan
امبیڈکر نیشنل کانگریس پارٹی کے قومی صدر نواب کاظم علی خان نے ملک کے نا گفتہ بہ حالات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہمیں مغلیہ دور حکومت کی تاریخ یاد آرہی ہے ۔کس طرح مغل حکمرانوں نے شاہی خزانے تک کو ہندوستان کی امانت کے طور پر استعمال کیا تھا جس کی دنیا کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی ہے ۔انہوں نے کہا بادشاہ وقت حضرت اورنگ زیب ؒ جس کی ایمانداری کی گواہی خود تاریخ چیخ چیخ کر دے رہی ہے کہ قرآن کی کتابت اور ٹوپی کی بنائی کی آمدنی پر کس قناعت سے اپنی ذاتی ضروریات کو پوری کرتے تھے ۔
مغل حکمراں آئے تو تھے باہر سے لیکن ملک کی دولت کو باہر کسی قیمت پر جانے نہیں دیا بلکہ ایسی ایسی عمارتیں بنائی جس سے آج ہماری حکومت کو سب سے زیادہ آمدنی ہو رہی ہے لیکن افسوس اس آمدنی پر گزر اوقات کرنے والی حکومت بھی اسے فراموش کر رہی ہے ۔آج کسی لیڈر کے بیٹے کو بچانے کے لئے پوری مرکزی حکومت کے وزراء میدان میں اتر گئے ہیں ،کیا تاریخ میں ایسی کوئی مثال ملتی ہے ۔اسلام کی تاریخ تو بتاتی ہے کہ خلیفہ وقت کے بیٹے نے جب جرم کیا تو اس کو سزا سنائی گئی لیکن کسی میں ہمت نہ ہوئی کہ خلیفہ وقت کے بیٹے کو کوڑے لگائے تعظیم کے آگے سب بے بس تھے ایسے حالات میں خود امیر المومنین حضرت عمرؓ نے اپنے بیٹے کو سزا دی ۔
اخلاق اور انصاف کے اعلی نمونے کو دیکھنا ہے تو مسلمانوں کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں اور اس سے سبق حاصل کریں ۔جس قوم نے اس ملک میں ہزار سالوں تک حکومت کی ہے آج بھی وہ قوم اسی سرزمین پر وطن کے لئے جان دینے کو تیار ہے اور اس کے پاس ملک کا لوٹا ہوا کوئی سرمایا نہیں ہے ۔کتنی حیرت کی بات ہے کہ جس قوم نے ہزاروں سال حکومت کی اس کے باوجود وہ قوم آج ہندستان میں سب سے غریب ہے ۔اس سے زیادہ ملک سے وفاداری کی مثال اور کیا ہو سکتی ہے ۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *