بچی کی خاطر ماں نے تیندوا سے لوہا لیا

ماں اپنی اولاد کی خاطر کسی بھی طاقت سے ٹکرا سکتی ہے ۔ اس کی ایک مثال ریاست اترپردیش میں دیکھنے کو ملی جہاں ایک ماں نے اپنی بچی پر تیندوے کا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔تیندوے کی گرفت سے چھڑوانے کی کوشش میں بچی کے سر پر چوٹیں آئی ہیں۔یہ واقعہ ضلع بہرائچ میں موتی پور رینج کے جنگلات کے قریب اْس وقت پیش آیا، جب چھ سالہ بچی اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ اچانک ایک تیندوے نے اْس پر حملہ کر کے اْسے دبوچ لیا۔اس سے پہلے کہ وہ بچی کو لے کر بھاگ جاتا، اْس کی ماں تیندوے پر جھپٹ پڑیں۔تیندوے کے ساتھ کافی زور آزمائی کے بعد ماں اپنی بچی چھڑوانے میں کامیاب ہوئیں لیکن اس لڑائی میں کمسن بچی شدید زخمی ہو گئی جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بچی کی ماں سنندا کا کہنا ہے کہ وہ گھر میں کھانا پکا رہی تھیں اور اْن کی بیٹی باہر دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی۔ اسی وقت تیندوا آیا اور اس نے بچی کو دبوچ لیا۔پہلے تو بچی زور سے چلائی لیکن جب اس کی آواز آنا بند ہوئی تو میں نے باہر نکل کر دیکھا تو حیران رہ گئی کہ ایک تیندوا نے اسے پکڑ رکھا ہے لیکن میں نے بچی کے دونوں پیر زور سے پکڑ لیے۔ تیندوے نے مضبوطی سے بچی کو منہ میں پکڑ رکھا تھا تاہم اس وقت تک بچی زندہ تھی۔ ماں بچی کے دونوں پیر اپنی طرف کھینچ رہی تھی اور تیندوا بچی کے سر کو منہ سے پکڑ کر اپنی طرف کھینچ رہا تھا۔ کافی دیر تک میں اس سے لڑتی رہی، پھر موقع پا کر ماں کے اوپر گر گئی اور اس طرح بچی کو تیندوے سے چھڑوانے میں کامیاب ہوئی۔ تیندوے سے بچی کو چھڑوانے کے بعد وہ بلند آواز سے چیخ ماری جس کی وجہ سے گاؤں کے دیگر لوگ بھی وہاں پہنچ گئے۔ لڑکی کو چھوڑنے کے بعد تیندوے اور زیادہ جارحانہ ہو گیا تھا لیکن اس وقت تک گاؤں کے لوگ وہاں پہنچ چکے تھے اور انھوں نے اسے مار بھگایا۔گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اکثر چیتے اور تیندوے گاؤں میں آ کر بھیڑ بکریاں اٹھا کر لے جاتے ہیں اور کئی بار تنہا ہونے پر وہ بڑے لوگوں پر بھی حملہ کر دیتے ہیں۔
Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *