یوپی کے مدارس کے لیے یوگی حکومت کا فرمان

لکھنؤ:اترپردیش کے مدارس کے لیے ایک سرکولر جاری کیاگیا ہے، جس میںکہا گیا ہے کہ یوم آزادی 15 اگست کے موقع پر تمام مدارس کو قومی پرچم لہرانا لازمی ہوگااوران اداروں میں قومیترانہ بھی گایا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ یوم آزادی کے پوری تقریب کی ویڈیو گرافی اور فوٹو گرافی کرانا بھی لازمی ہوگی۔
یوپی مدرسہ تعلیمی کونسل کے چیئرمین راہل گپتا کے ذریعہ جاری کردہ اس لیٹر میں یوم آزادی کی تقریب کے لیے پورا خاکہ بھی بتادیا گیا ہے۔ یہ لیٹر تمام اقلیتی بہبود کے حکام کو روانہ کردیا گیا ہے۔ راہل گپتا نے جو پروگرام طے کیے ہیں،اس کے مطابق 15 اگست کو صبح آٹھ بجے پرچم کشائی ہوگی اور قومی گیت گایا جائے گا۔ اس کے بعد جنگ آزادی کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں یوم آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جائے گی، قومی گیتو کا پروگرام ہوگا اور جنگ آزادی کے شہیدوں کے بارے میں طلبہ کو بتایا جائے گا۔ طلبہ کے لیے کلچرل اور کھیلو ں کے پروگرام بھی ہوں گے۔

 

 

حیرانی کی بات یہ ہے کہ یہ لیٹر صرف اور صرف مدارس کے لیے جاری کیا گیا ہے، سرکاری اسکولوں کو یہ لیٹر نہیں بھیجا گیا ہے۔اس سلسلے میں ریاستی وزیر اوقاف محسن رضا کا کہنا ہے کہ اسے بات کا بتنگڑ بنایا جارہا ہے۔ ویڈیو گرافی اور فوٹوگرافی کرانے سے مدرسوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے میںبھی مدد ملے گی، اس لیے اس کا خیرمقدم ہونا چاہیے۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *