سفیروں کے لیے سلیمانی مسجد کمیٹی نے سحری کا انتظام کیا

 مہاراشٹر کے مالیگاؤں شہر میں ملک کی ہر ریاست سے سفرا چندے کے سلسلے میں رمضان المبارک کے مہینے میں تشریف لاتے ہیں ۔ کشمیر، یوپی، بہار، راجستھان، گجرات سمیت دیگر ریاستوں سے بڑی تعداد میں آنے والے ان سفرا کو مالیگاؤں کی عوام برسوں سے نوازتی بھی آئی ہے ۔ ان سفیروں کے رہنے کا انتظام جمعیت علما کے دفتر یا مساجد میں ہوجاتا ہے ۔ افطار کے لئے انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوتی مگر سحری کے لئے کوئی معقول انتظام نہ ہونے کی وجہ سے یہ سفرا پانی پی کر بسکٹ کھا کر روزہ رکھنے پر مجبور ہوتےتھے ۔ گذشتہ دو سالوں سے شہر کی سلیمانی مسجد سحری کمیٹی نے ان سفرا کے لئے سحری کا نظم کرنا شروع کیا ۔ جسکی وجہ سے یہ سفیر نہایت خوش ہیں ۔
رمضان المبارک کے مہینے میں ملک کے الگ الگ حصوں میں جاری دینی مدارس اور مساجد کے سفرا مہاراشٹرکے مالیگاؤں شہر میں تشریف لاتے ہیں ۔ اس امید کے ساتھ کہ یہاں لوگ زکوتہ، صدقات سے نوازتے ہیں ۔ پورے شہر میں ان کی تعداد رمضان المبارک میں 100 سے زائد ہوتی ہے ۔ ان سفیروں کے رہنے کے لئے جمعیت علما کی جانب سے انتظام کیا جاتا ہے۔ مگر سحری کے لئے انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔ کیونکہ یہ سفرا افطار کے وقت کسی بھی مسجد میں افطار کر لیتےتھے ۔ شام کے کھانے کا انتظام بھی ہوٹلوں میں ہوجاتا تھا۔ لیکن سحری کا انتظام ان کے لئے نہیں ہو پاتا تھا جس کے مدنظر سلیمانی مسجد کے ذمہ داران نےسحری کمیٹی تشکیل دی جو اسحاق سیٹھ زر والا اور مولانا عبد الباری قاسمی کی سرپرستی میں عوام کی مدد سے سحری کا نظم کرتی ہے ۔ اس نظم میں گھر کی روٹی سالن کے ساتھ کھیر اورچائے کا انتظام کیا جا تا ہے ۔ اس انتظام سے پورے ملک کے سفیر بہت خوش ہیں اور انتظامیہ کمیٹی کو دعائیں دے رہے ہیں ۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *