راجستھان کے بھرتپور میں میرج ہال کی دیوار گرنے سے 24 لوگوں کی موت، درجنوں زخمی

Bharatpur-Marriage-Hallبھرتپور: راجستھان کے سیور قصبہ میں گزشتہ دیر شب تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے ایک شادی کی تقریب کے دوران میرج ہال کی دیوار گر گئی۔ اس حادثہ میں کم از کم 24لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ تقریباً 35لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ مہلوکین میں 23لوگوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ جبکہ ایک شخص کی موت علاج کے دوران ہو گئی۔ مہلوکین میں 8خواتین، چار بچے اور 12دیگر لوگ ہیں۔ یہ میرج ہال بنا لائسنس کے چل رہا تھا اور دیوار بنانے میں کافی لاپرواہی برتی گئی تھی۔
انتظامیہ نے میرج ہال کے منیجر کو گرفتار کر لیا ہے اور معاملہ کی تفتیش کے احکامات جاری کر دئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مہلوکین کے اہل خانہ کو 50-50ہزار اور زخمیوں کو 10-10ہزار روپے کی اقتصادی مدد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے حادثہ پر غم کا اظہار کیا ہے۔ ادھر وزیر اعظم نریندر نے بھی حادثہ پر افسوس ظاہر کیا ہے اور مہلوکین کے اہل خانہ کو 2-2لاکھ اور زخمیوں کو 50-50ہزار روپے کا اعلان کیا ہے۔
اس شادی کی تقریب کے لئے بارات جے پور سے گئی تھی۔ شام سات بجے کے قریب بارات پہنچی تھی اور کھانا چل رہا تھا۔ اسی دوران تیز آندھی اور بارش کے ساتھ اولے گرنا شروع ہو گئے۔ اس سے بچنے کے لئے کافی لوگ دیوار کے سہارے لگے ٹین شیڈ میں چلے گئے ۔ یہ ٹین شیڈ اور دیوار ہی موت کی وجہ بن گئی۔ ہوا کے دباؤ کی وجہ سے دیوار گئی اور اسی کے نیچے آ کر لوگوں کی موت ہو گئی۔
اس حادثہ کے دوران بجلی چلی گئی اور لوگوں کو ٹارچ اور موبائل کی روشنی میں گری ہوئی دیوار سے نکالا گیا۔ وہیں انتظامیہ کی سخت لاپروائی سامنے آئی۔اطلاع دینے کے بھی قریب دو گھنٹے بعد وہاں انتظامی عملہ پہنچا۔

 

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *