پہاڑوں کی برفیلی ہوائوں سے دہلی میں درجہ حرارت 2 ڈگری تک گرا

Cold-Waveشمالی ہند میں اس وقت شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں پر صفدر جنگ آبزرویٹری میں کم سے کم درجہ حرارت 3.4ڈگری سیلسیس ، پالم ایئرپورٹ پر کم سے کم درجہ حرارت 4.4ڈگری سیلسیس ، لودھی روڈ آبزرویٹری پر کم سے کم درجہ حرارت 2ڈگری سیلسیس ، آیا نگر آبزرویٹری میں کم سے کم درجہ حرارت 4.9ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں درجہ حرارت میں گراوٹ کا سلسلہ 13جنوری کی صبح تک جاری رہے گا۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے یہاں پر دن کا درجہ حرارت 17سے 18ڈگری سیلسیس کے آس پاس بنا رہے گا۔ دوسرے علاقوں کی بات کریں تو راجستھان کے شمالی علاقوں میں شدید ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ یہاں چورو اور آس پاس کے علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت زیرو ڈگری سیلسیس سے نیچے ریکارڈ کئے جا رہے ہیں، لیکن یہ پہلی بار نہیں ہو رہا ہے ، یہاں پر ایسا ہوتا آیا ہے۔ ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی ہند سے چل رہی سرد ہوائوں نے راجستھان میں موسم ٹھنڈ ا کر دیا ہے اور یہ صورتحال 14تاریخ تک برقرار رہے گی۔
پنجاب کی بات کریں تو یہاں امرتسر اور آس پاس کے علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت زیرو ڈگری سیلسیس تک بنا ہوا ہے۔ چنڈی گڑھ اور آس پاس کے علاقوں کی بات کریں تو یہاں پر درجہ حرارت 2ڈگری سیلسیس سے لے کر 4ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کئے جا رہے ہیں۔ ہریانہ میں تمام علاقے زبردست ٹھنڈ کا شکار ہیں۔ یہاں پر نارنول اور حسار کے ارد گرد کے علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت زیرو ڈگری سیلسیس کے نیچے ریکارڈ کیا جار ہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ ہریانہ کے تمام علاقوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ کا دور 14تاریخ کی صبح تک جاری رہے گا۔ مغربی اتر پردیش کی بات کریں تو حالات یہاں پر ٹھیک نہیں ہیں، پہاڑوں سے آ رہی سرد ہوائوں نے یہاں پر رات میں درجہ حرارت 4ڈگری سیلسیس سے نیچے گرا دیا ہے۔

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *