کام کیسا ہو رہا ہے، اس کی جانچ کریں

کئی دفعہ آپ کو مانگی گئی اطلاع کے بدلے غیر ضروری اطلاع تھما دی جاتی ہے یا پھر آپ کے محلے یا شہر کی سڑک بننے کے ایک مہینے کے اندر ہی ٹوٹ جاتی ہے اس کے بعد سالوں تک اس کی مرمت نہیں ہوتی۔آخر سرکار نے تو پورا پیسہ دیا تھا تب اتنی گھٹیا سڑک کیوں بنی؟سڑکیں اپنے معیار کے مطابق کیوں نہیں بنیں؟کیوں سڑکوں کی چوڑائی مقررہ حد سے کم ہے؟ماسٹر رول میں بھی فرضی انٹری کی شکایتیں عام ہیں۔ گائوں میں نہ رہنے والے لوگوں کی انٹری بھی ماسٹر رول میں دکھا دی جاتی ہے۔ آخر ان سب کا حل کیا ہے؟دراصل، حق اطلاعات قانون میں ہی ایسے مسائل کا حل بھی ہے۔ آر ٹی آئی قانون میں کئی طرح کی جانچ کے طریقے ہیں۔ جانچ کا مطلب ہے کہ آپ کسی بھی سرکاری محکمے کی فائل ، کسی بھی محکمے کے ذریعہ کرائے گئے کام کی جانچ کر سکتے ہیں۔ مثال کے لئے آپ کے حلقے میں اگر کوئی سڑک بنائی گئی ہے اور آپ سڑک کی تعمیر میں استعمال کیے گئے میٹریل سے مطمئن نہیں ہیں، یا سڑک کے معیار سے خوش نہیں ہیں، تو آپ جانچ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ آپ سرکاری فائل کی جانچ کر سکتے ہیں۔ کئی مرتبہ جب آپ کسی سرکاری محکمے سے اطلاع مانگتے ہیں، تو آپ سے کہا جاتا ہے کہ مذکورہ اطلاع ہزار صفحوں کی ہے اور اس کے لئے آپ کو ایک خاص فیس ادا کرنا ہوگی۔ کچھ معاملوں میں تو درخواست کنندہ سے لاکھوں روپے تک کی مانگ کی گئی ہے۔ ظاہر ہے، ایک ذمہ دار اور بیدار شہری ہونے کے ناطے آپ یہ ضرور جاننا چاہتے ہوں گے کہ اس صورت حال کا مقابلہ کیسے کیا جائے؟آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعہ 2(j)(1)کے تحت آپ کسی بھی سرکاری کام یا فائل کی جانچ کی مانگ کر سکتے ہیں۔ اس شمارہ میں ہم نے اسی سے متعلق ایک آر ٹی آئی درخواست شائع کی ہے، جس کا استعمال آپ ایسے معاملوں کے لئے کر سکتے ہیں۔ ’چوتھی دنیا‘ آر ٹی آئی سے متعلق کسی بھی مسئلے کا حل یاتجویز دینے کے لئے ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے۔آپ ہم سے خط؍ای میل یا فون کے ذریعہ رابطہ کر سکتے ہیں۔

درخواست کا نمونہ
کام کی جانچ
خدمت میں،
پبلک انفارمیشن آفیسر
(محکمہ کا نام)
محکمہ کا پتہ)
موضوع: حق اطلاعات قانون 2005 کے تحت درخواست
جناب عالی،
برائے مہربانی آر ٹی آئی قانون 2005 کے تحت مندرجہ ذیل جانکاری دی جائے:
1۔ آر ٹی آئی قانون کی دفعہ 2(j)(1) کے مطابق، ہر شہری کو کسی بھی سرکاری کام کی جانچ کرنے کا اختیار ہے۔ اس کے تحت مندرجہ کام کی جانچ کرنا چاہتا ہوں۔ برائے مہربانی مجھے تاریخ، وقت اور جگہ بتائیں، جب میں آکر اس کام کی جانچ کر سکوں۔(کام کی وضاحت)
2۔ میں جانچ کے وقت اس کام سے متعلق مندرجہ ذیل دستاویزوں کی بھی جانچ کرنا چاہوں گا، اس لئے جانچ کے وقت یہ دستاویز مجھے مہیا کرائیں: (الف)میزرمِنٹ بُک
(ب) خرچوں کی تفصیل
(ج) گرافس۔
ان دستاویزوں کی جانچ کے بعد اگر مجھے کسی دستاویز کی کاپی کی ضرورت ہوگی تو قانون کے تحت مقررہ فیس لے کر کاپیاں فراہم کرائیں۔
3۔ دفعہ 2(j)(3) کے مطابق ہر شہری کو سرکاری کاموں میں استعمال کیے گئے میٹریل کاتصدیق شدہ نمونہ لینے کا اختیار ہے۔ اس کے تحت میں مذکورہ کام میں استعمال کیے گئے میٹریل کا محکمہ کی طرف سے تصدیق شدہ نمونہ لینا چاہتا ہوں۔ نمونہ میری طرف سے طیبتائی گئی جگہ سے میری موجودگی میں محکمہ اکٹھا کریں اور یہ سیل بند ہو اور محکمہ کی طرف سے یہ یقین دہائی کی جائے کہ سیل بند نمونہ کام کے میٹریل کا اصلی نمونہ ہے۔ برائے مہربانی مجھے جگہ ،وقت اور تاریخ سے مطلع کریں، جب میں تصدیق شدہ نمونے کی جانچ کے لئے آ سکوں۔
میں فیس کے طور پر 10 روپے جمع کررہا ؍رہی ہوں یا
میں بی پی ایل کارڈ ہولڈر ہوں، اس لئے سبھی طرح کی فیس سے آزاد ہوں۔ میرا بی پی ایل کارڈ نمبر ——————-ہے
اگر مانگی گئی اطلاع آپ کے محکمہ؍دفتر سے متعلق نہیں ہو تو آر ٹی آئی قانون 2005 کی دفعہ 6(3) کا نوٹس لیتے ہوئے میری درخواست متعلقہ پبلک انفارمیشن آفیسر کو پانچ دنوں کے اندر منتقل کریں۔ ساتھ ہی اطلاع فراہم کراتے وقت فرسٹ اپیلیٹ آفیسر کا نام اور پتہ ضرور بتائیں۔
نام————————————پتہ———————————————–
فون نمبر —————————منسلکہ (اگر کچھ ہو)——————-

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *