سول ایوی ایشن میں روشن مستقبل

آپ آسمان میں پرواز کرنا چاہتے ہیں، توآپ سول ایوی ایشن کے شعبے میں کرئیر بنا سکتے ہیں۔اس شعبے میں آپ کے سامنے پائلٹ، فلائٹ کنٹرولر، ایئر ہوسٹیس یا طیارے کی سرگرمیوں کی ذمہ داری لینے والے’فلائٹ برسر‘کا متبادل دستیاب ہے۔ایوی ایشن کے شعبے میں کرئیر بنانے کا مقصد صرف ہوا میں پرواز کرنا ہی نہیں ہے،اس کے لئے آپ کو بہت زیادہ یکسوئی،عزم مصمم اورنشانے کو حاصل کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ہی جسمانی اور ذہنی صحت کے پیمانے پر خود کوثابت کرنا ضروری ہے۔
ایوی ایشن کے شعبے کو تین اہم شعبوں میںمنقسم کیا جا سکتا ہے۔
1    کمرشیل
2     فضائیہ
3     سول ایوی ایشن
کمرشیل ایوی ایشن
اس میں مسافر طیارے اور ان سے متعلق سروسیز فراہم کرنے والی کمپنیاں اور مال بردار طیارے شامل ہیں۔فضائی سروسیز فراہم کرنے والی کچھ اہم کمپنیاں ہیں، انڈین ایئر لائنس،ایئر انڈیا،جیٹ ایئر ویز اوربرٹش ایئر ویزوغیرہ۔
فضائیہ
جیسا کہ نام سے ہی پتہ چلتا ہے،یہ شعبہ فضائی افواج سے متعلق ہے۔اس میں جنگ اور پرواز سے متعلق تمام سرگرمیاں شامل ہیں۔
سول ایوی ایشن
اس میں صرف آرمی کے علاوہ باقی تمام فضائی سروسیزشامل ہیں اوراس میں ذاتی و خاص سفر کے لئے مقررہ فضائی سہولیات شامل ہیں۔اس شعبے میں سب سے زیادہ منتخب کئے جانے والے کرئیر میں پائلٹ،ایئر ہوسٹیس اور فلائٹ برسرشامل ہیں۔
اس شعبے میں کریئر بنانے کے لئے  لازمی لیاقتیں
ایئر ہوسٹیس
یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں خواتین کا دبدبہ ہے۔کئی نوجوان لڑکیاں، جن کا خواب آسمان میں بلند پرواز کرنا، دنیا بھر کے ملکوں کی سیر کرنا، اپنے سفر کے دوران مختلف لوگوں سے گفتگو کرنااور ساتھ ہی مالی طور پر خود کفیل بننا ہے،وہ اس شعبے کو منتخب کر سکتی ہیں،لیکن اس بات کا ہمیشہ خیال رکھنا چاہئے کہ محنت اور لگن کے بغیر کسی بھی شعبے میں کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں۔
کوئی بھی شخص جب بھی کسی طیارے میں سفر کرتا ہے، تو سفر کے آغازسے لیکرآخر تک اس کی چھوٹی سے چھوٹی ضرورتوں کا خیال رکھنا ایک ایئر ہوسٹیس کے کام میں شامل ہے۔اس کے لئے آپ کو صبر واطمینان کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔یہی نہیں، آپ کا نرم مزاج ہونا بھی بہت معنی رکھتا ہے۔اگرکسی مسافر کا پہلا ہوائی سفر ہو، تواسے ہر طرح کے اصول بتانا اور سمجھانا ضروری ہے۔مسافر کو صحیح جگہ پہنچانا،سیٹ بیلٹ کو باندھنے کا طریقہ بتانا،ہر ضرورت پر مسکراتے ہوئے مسافر تک فوراً پہنچ کر ان کے کھانے پینے اور دیگر ضروریات کو پورا کرنے کا انتظام کرنے کے لئے آپ کو ہمیشہ تیار رہنا ضروری ہے۔آپ کی جسمانی صحت و ہیئت بھی اتنی ہی اہم ہے، جتنی کہ آپ کی خود اعتمادی اور ذہنی صحت ۔
لیاقت
اگر آپ ایئر ہوسٹیس بننا چاہتی ہیں، تو اس کے لئے سب سے پہلی ضروری لیاقت ہے آپ کا پر کشش ہونا۔تعلیمی لیاقت کے لئے آپ کا کسی بھی منظور شدہ یونیورسٹی سے گریجو یٹ ہونا ضروری ہے۔اس کے علاوہ ہوٹل مینجمنٹ یا ٹورزم مینجمنٹ میں ڈگری یا ڈپلومہ ہونا آپ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
ایئر ہوسٹیس کے انتخاب کے لئے فضائی سروس کمپنیاں تحریری امتحان منعقد کرتی ہیں،اگر آپ اس میں کامیاب ہوتی ہیں تو آپ کو دوسرے مرحلے یعنی گروپ ڈسکشن کے دور سے گزرنا پڑتاہے اوراگر آپ ان دونوں مرحلوں میں کامیاب ہوجاتی ہیںتو اگلے مرحلہ میں آپ کو انفرادی انٹرویو کے دور سے گزرنا ہوگا۔  بعد ازاں تمام مرحلوں میں کامیاب امیدواروں کو ٹریننگ کے لئے منتخب کیا جاتا ہے۔
ٹریننگ کے دوران منتخب امیدواروں کو پرواز سے متعلق تمام باریکیوں سے واقف کرایا جاتا ہے۔مسافروں کو عام طور پر پرواز کے دوران ہونے والی پریشانیوں اور ان کی ضرورتوں کی جانکاری نیز انھیں فوری سہولت فراہم کرانے کی مکمل تربیت دی جاتی ہے۔کسی بھی پرواز سے وابستہ ہونے سے پہلے آپ کی جغرافیائی معلومات بھی وسیع ہونی چاہئے اور غیر شادی شدہ ہونے کے ساتھ ہی زبان وبیان پر بھی آپ کی اچھی گرفت ہونی چاہئے۔
امکانات
ایئر ہوسٹیس کی ضرورت تمام پرائیویٹ اور غیر ملکی فضائی سروس دینے والی کمپنیوں میں ہوتی ہے۔اگر آپ کے اندر وہ قابلیت ہے تو بے شک آپ کسی بھی فضائی کمپنی میں آٹھ سے دس برس تک کام کر سکتی ہیں۔اس دوران بہتر کارکردگی کی بنیاد پر’ فلائٹ برسر‘یا چیف ایئر ہوسٹیس کے عہدے پر آپ کی ترقی بھی ہو سکتی ہے۔آپ چاہیں اور اگر آپ کے اندر کوئی فاضل لیاقت ہے تو آپ دیگر محکموں میں بھی کام کر سکتی ہیں۔
تنحواہ
یہ شعبہ اپنے ملازمین کو بہتر سے بہتر تنخواہ دینے کے لئے مشہور ہے۔اس شعبے میں 15ہزار روپے سے شروع ہو کر تقریباً 40ہزار روپے تک فی ماہ تنخواہ ملتی ہے۔اگر آپ کسی اعلیٰـ یا سینئر عہدے پر فائز ہیں تو آپ تقریباً 75سے80 ہزار تک فی ماہ تنخواہ حاصل کر سکتی ہیں۔آج کل اس شعبے میں پرائیویٹ کمپنیوں کی کثرت ہے اور یہ اپنی ایئر ہوسٹیس کو لاکھوں روپے سالانہ تنخواہ دیتی ہیں۔
فلائٹ برسر
مردوں کے پاس بھی تقریباً وہی لیاقت ہونی چاہئے،جو خاتون ایئر ہوسٹیس کے لئے مقرر ہے۔ان کا بھی گریجو یٹ ہونا ضروری ہے اور عمر کی مدت 26برس ہے۔ان کا فضائی کمپنیوں کے ذریعہ طے شدہ ضابطوں اور پیمانے پر کھرا اترنا ضروری ہے۔انھیں،تکنیکی ہو یا غیر تکنیکی، پرواز کی تمام جانکاری دی جاتی ہے اور مسافروں کا پورا خیال رکھنا نیز ہنگامی حالات میں فوری فیصلہ لینا وغیرہ سکھایاجاتا ہے۔یہ ہنر آپ کے اندر فطری طورپر بھی ہونا چاہئے۔تنخواہیں بھی وہی ہیں جو خواتین ایئر ہوسٹیس کے لئے مقرر ہیں۔
پائلٹ
تیز رفتار اورولولہ انگیزکرتب کے شوقین لوگوں کے لئے پرواز کی دنیا سب سے صحیح متبادل ہے۔پرواز کرنے کی خواہش رکھنے والے لوگوں کا یہ خواب ہوتا ہے کہ ایک دن وہ تنہا طیارے کو اڑائیں۔ایک پائلٹ کی شکل میں آپ اپنے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔اب یہ آپ پر منحصر کرتا ہے کہ آپ پیشہ ور پائلٹ کی حیثیت سے کام کرنا چاہتے ہیں یا فضائیہ میں بھرتی ہو کر ملک کے دشمنوں کو مار گرانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
لیاقت
کسی بھی پائلٹ کو لائسنس حاصل کرنے کے لئے جسمانی طور پر صحت مند اور عمر 17سے 25برس کے درمیان ہونی چاہئے۔ امیدواروں کے لئے پائلٹ کا لائسنس حاصل کرنے کی کم از کم تعلیم کسی بھی منظور شدہ کالج سے فزکس اور میتھس کے ساتھ 10+2پاس ہونا لازمی ہے۔
لائسنس کے لئے لیاقت
اگرآپ پیشہ ور پائلٹ کی تربیت کے لئے لائسنس حاصل کرناچاہتے ہیں،تو آپ کے پاس پائلٹ کا پرائیویٹ لائسنس ہونا چاہئے ۔اگر آپ ہوائی جہاز کے تکنیکی پہلو سے منسلک ہونا چاہتے ہیں تو اس کے لئے آپ کا ایروناٹیکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کرنا لازمی ہے۔
ٹریننگ
اگرآپ کو پائلٹ کا کمرشیل لائسنس حاصل کرنا ہو تو اس کے لئے ایک یا دو برس کے اندر 60گھنٹے کی پرواز کی تربیت حاصل کرناضروری ہے۔اس میں سے 15گھنٹے کی پرواز ٹرینر کے ساتھ ہونی چاہئے اور کم از کم 30گھنٹے تنہا پرواز کا تجربہ ہونا چاہئے۔اس کے علاوہ 5گھنٹے ’کراس کنٹری‘پرواز کا تجربہ بھی ہونا ضروری ہے۔ان سب کے بعد ہی کوئی شخص پائلٹ کے ذاتی لائسنس کے لئے ہونے والے ٹیسٹ کا اہل ہوتا ہے۔اس میں جو مضامین شامل ہیں وہ ہیں فضائی اصول،فضائی موسم سائنس، فضائی کنٹرول،پلین کنٹرول اور سیمین شپ۔امیدواروں کے پاس ایک خاص میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی ہونا ضروری ہے۔
پائلٹ کا کمرشیل لائسنس اسی وقت ملتا ہے، جب امیدوار کو پرائیویٹ پائلٹ کا لائسنس حاصل ہو جائے۔کمرشیل لائسنس حاصل کرنے کے لئے پانچ سال کے اندر 250گھنٹوں کی پرواز کا تجربہ ہونا ضروری ہے۔اس کے بعد امیدوار کو طبی جانچ کے ساتھ ساتھ دہلی میں ہونے والا تحریری امتحان دینا ہوتا ہے،جس میں شامل ہیں فضائی اصول،فضائی موسمیات،طیارہ کنٹرول ،تکنیکی پلاننگ اور وائرلیس کے ذریعہ مواصلات جیسے مضامین۔ایئر کرافٹ مینٹننس انجینئر کے لئے چھ مہینے کی ٹریننگ حاصل کرنا ضروری ہے۔
امکانات
ایک مرتبہ آپ کے پاس کمرشیل لائسنس آجائے تو آپ کسی بھی سرکاری (ایئر انڈیا،انڈین ایئر لائنس)یا پرائیویٹ اور بین الاقوامی(جیٹ ایئر ویز،کنگ فشر) فضائی سروس کمپنیوں میں کریئر بناسکتے ہیں۔ٹرینی پائلٹ کی حیثیت سے شروعات کرنے کے بعد آپ پوری طرح ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد سینئرٹی کی بنیاد پر اعلی عہدے یعنی کیپٹن اور اس کے بعد سینئر کمانڈر کے عہدے پر فائز ہو سکتے ہیں۔
تنخواہ
ٹرینی پائلٹ کی ابتدائی تنخواہ 15ہزار روپے فی ماہ ہو سکتی ہے۔اگر تربیت یافتہ پائلٹ ہو تو 60ہزار سے 80ہزار روپے تک فی ماہ تنخواہ ہو سکتی ہے۔یہ پوری طرح سے آپ کے تجربے اور فضائی سروس فراہم کرنے والی کمپنی پر منحصر کرتا ہے۔غیر ملکی کمپنیوں کے ذریعہ دی جانے والی تنخواہ کی تو کوئی حد ہی نہیں ہے۔
ہندوستان کے کچھ فلائٹ ٹریننگ ادارے
1    ہندوستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ ٹکنا لوجی،پوسٹ آفس کولکاتہ ہوائی اڈہ، کولکاتہ7000521-
2    اسکول آف ایوی ایشن سائنس اینڈ ٹکنالوجی،صفدر جنگ ایئر پورٹ،نئی دہلی110003-
3    ہندوستان الیکٹرانکس اکیڈمی، اولسور، بنگلور۔560008
4    بامبے فلائنگ کلب، جوہو ایروڈروم، سانتا کروز (ویسٹ)ممبئی
5    ایروناٹیکل ٹریننگ سینٹرانڈیا،ایئر ورکرس انڈیا کا محکمہ،ممبئی ہوائی اڈہ،ممبئی
6    انسٹی ٹیوٹ آف ایوی ایشن اینڈ ٹکنالوجی، بھونیشور، اڑیسہ751002-
7    راجیو گاندھی میموریل کالج آف ایروناٹکس،ہوائی اڈے کے سامنے جے پور۔
8    ہندوستان انسٹی ٹیوٹ آف ایروناٹکس،  ال گھاٹی،بھوپال
9    انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ایرو ناٹیکل سائنس،سوناری ایروڈروم،جمشید پور،بہار
10    فلائی ٹیک ایوی ایشن اکیڈمی،مارا پلی ویسٹ،حیدرآ باد،آندھرا پردیش۔فون نمبر:0657407594
ایئر ہوسٹیس اور پائلٹ کی تربیت
دینے والے کچھ اہم ادارے
1    فرینکفن مینجمنٹ کنسلٹینٹ
نئی دہلی۔ فون نمبر:011-5532757/5535657
2     انڈین ایوی ایشن اکیڈمی
اندھیری (ویسٹ)ممبئی۔  فون نمبر:022-26749058
3    اندرا گاندھی نیشنل ایوی ایشن اکیڈمی
فرصت گنج ایئر فیلڈ،رائے بریلی،اترپردیش۔229302
4    ایئر ہوسٹیس اکیڈمی
نئی دہلی۔ فون نمبر:011-29832771
5    ایشین ایوی ایشن اکیڈمی
832، دستر مہر روڈ،نئی دہلی۔ فون نمبر:020-4001584
6    پیسیفک ایئرویز
پچھم وہار،نئی دہلی،فون نمبر:011-5576463
7    اپٹما ایئر ہوسٹیس اکیڈمی
نئی دہلی،فون نمبر:011-5176407

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *