سرکاری دستاویز دیکھنا آپ کا حق ہے

آرٹی آئی قانون میں کئی طرح کے معائنے کا بند و بست ہے۔ معائنے سے مراد ہے کہ آپ کسی بھی سرکاری محکمہ کی فائل، کسی بھی محکمہ کے ذریعہ کرائے گئے کام کا معائنہ کرسکتے ہیں۔مثال کے طور پر اگر آپ کے علاقے میں کوئی سڑک بنائی گئی ہے اور آپ اس کی تعمیر میں استعمال کی گئی اشیاء سے مطمئن نہیں ہیں تو آپ معائنہ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس بارے میں اور تفصیلی معلومات ہم آئندہ شمارے میں فراہم کریںگے۔ اس شمارہ میں ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ سرکاری فائل کا معائنہ کیسے کیا جاسکتا ہے اور یہ کیوں ضروری ہے۔ کئی بار جب آپ کسی سرکاری محکمہ سے معلومات طلب کرتے ہیں تو آپ سے کہا جاتا ہے کہ مطلوبہ اطلاع ہزاروں صفحات پر مشتمل ہے اور اس کے لئے آپ کو ایک خاص فیس ادا کرنی ہوگی۔
کچھ معاملوں میں تو عرضی گزار سے لاکھوں روپے مانگے گئے۔ واضح ہو کہ گزشتہ دنوں بہار کے ایک عرضی گزار سے اطلاع مہیا کرانے کے بدلے کئی لاکھ روپے جمع کرانے کے لیے کہا گیا تھا، لیکن یہ سب کچھ صرف عرضی گزار کی حوصلہ شکنی کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس کے پیچھے سرکاری افسران کا یہ منشا ہوتا ہے کہ ایسا کرنے سے عرضی گزار اطلاع نہیں مانگے گا، لیکن اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں تھوڑی سی احتیاط کی بھی ضرورت ہے اور یہ  احتیاط عرضی تیار کرنے اور سوال پوچھنے کے طریقوں میں ہونا چاہیے، مثلاً اگر کسی خاص فائل سے کچھ مخصوص اطلاعات ہی چاہئیں تو عرضی گزار کوپوری اطلاع مانگنے کی بجائے فائل کے معائنے کے لیے عرضی دینا چاہیے۔ بہار کے پورنیہ ضلع سے رام مورتی تیواری نے ہمیں خط کے ذریعہ مطلع کیا ہے کہ انہوں نے ’بہار راجیہ بھنڈار نگم‘ سے کچھ اطلاعات مانگی تھیں، لیکن محکمہ نے انہیں کاغذات کا ایک پلندہ تھما دیا اور اس پلندے میں ان کے ذریعہ مانگی گئی اطلاع تھی ہی نہیں۔ ظاہر ہے ایسے مسئلہ سے عرضی گزار کواکثر دوچار ہونا پڑتا ہے۔ اس کالم کے ذریعہ ہم رام مورتی جی اور آر ٹی آئی قانون کا استعمال کرنے والے تمام عرضی گزاروں کو صلاح دینا چاہیںگے کہ جب کبھی انہیں کسی فائل سے کوئی اطلاع مانگنی ہو تو اپنی آر ٹی آئی عرضی میں ایک سوال فائل کے معائنے کو لے کر بھی جوڑیں یا پھر آپ چاہیں تو مذکورہ فائل کے معائنے کے لیے بھی آپ عرضی دے سکتے ہیں۔
آر ٹی آئی ایکٹ کی دفعہ 2(جے) (1) کے تحت آپ اس کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ اس شمارہ میں ہم فائل کے معائنے سے متعلق ایک آر ٹی آئی عرضی شائع کر رہے ہیں، جس کا استعمال آپ ایسے معاملوں کے لیے کر سکتے ہیں۔ چوتھی دنیا آپ کے کسی بھی مسئلہ کے حل یا مشورہ دینے کے لیے ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے۔ آپ ہم سے خط، ای-میل یا فون کے ذریعہ رابطہ کرسکتے ہیں۔
سرکاری فائل کے جائزے سے متعلق عرضی نامہ
مؤرخہ
بخدمت،
پبلک انفارمیشن افسر
دفتر کانام …………………..
پتہ………………………….
مضمون: حق اطلاعات قانون2005کے تحت درخواست
عالی جناب، میں حق اطلاعات قانون2005کی دفعہ 2(جے) (1) کے تحت مطلوبہ فائل  ……………….. کاجائزہ کرنا چاہتا/ چاہتی ہوں۔ اس سے متعلق آپ مجھے ایک طے تاریخ، وقت اور جگہ کے بارے میں مطلع کریں، تاکہ میں مذکورہ فائل کا جائزہ کر سکوں۔ ساتھ ہی اس کی بھی سہولت مہیا کریں کہ مجھے مذکورہ فائل کا جو بھی حصہ چاہیے، اس کی فوٹو کاپی دستیاب کرائی جاسکے۔ اس کے لیے مقررہ فیس کی ادائیگی میں کردوںگا/ دوںگی۔

میں اس آر ٹی آئی عرضی کے ساتھ 10روپے کی فیس جمع کر رہا /رہی ہوں۔
مخلص:
نام:

دستخط:

پتہ:

Share Article

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *