نوجوانوں کے لئے کریئر گائیڈ:فزیوتھراپی

اس  بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ آج کے اس مقابلہ جاتی دور میں ہماری نئی نسل خصوصاً مسلم نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود بے روزگار ہے ۔ یہ زمینی حقیقت ہے کہ جہاں ایک طرف نوجوانوں کی ایک معتد بہ تعداد اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاںلے کر روزگار کی تلاش میں سرگرداں ہیں تودوسری جانب نوجوانوں کا ایک بڑا طبقہ ایسا بھی ہے، جو مالی وسائل کی کمی یا خاندان کی پرورش کا بار گراں اپنے کندھوں پر آجانے کی وجہ سے ترک تعلیم پر مجبور ہوگیا اور انہیں کسب معاش کے لئے نکلنا پڑا۔ہم ایسے نوجوانوں کی رہنمائی کے لئے ’’نوجوانوں کی دنیا‘‘ کے نام سے ایک کالم شروع کرنے جارہے ہیں،تاکہ وہ تھوڑی اور محنت کرکے اپنے مستقبل کو روشن و تابناک بناسکیں۔ہم اپنے ہرشمارہ میں قلیل مدتی پروفیشنل کورسز کے بارے میں بات کریں گے اور جاب کے متلاشی اور کریئرسازی کے لئے سرگرداںنوجوانوں کوکورس، اس کی افادیت ،مطلوبہ تعلیمی لیاقت اور متعلقہ تعلیمی وتربیتی اداروں کے بارے میں معلومات فراہم کریںگے۔آج ہم جس کورس کے تعلق سے بات کرنے جارہے ہیں،اس کا نام ہے’’فزیوتھراپی‘‘
کورس کا نام :فزیوتھراپی
کورس کی افادیت
’’فزیو تھراپی‘‘جس کو عرف عام میں فزیکل تھراپی بھی کہتے ہیں، میدان طب کا سب سے تیزی سے ابھرنے والا شعبہ ہے۔فزیو تھراپی ایسا علم ہے جس کے ذریعہ جسم کی مختلف بیماریوںجیسے جوڑوں کا درد، نسوں کا کھنچاؤ اور پٹھوں کی تکلیف کو کو دور کیا جاتا ہے اورصحت و تندرستی میں بہتری لاکر انسانی جسم کے نظام کو چست اور درست بنایا جاتا ہے ۔دراصل یہ جسمانی ورزش کے ذریعہ بیماریوں اور پریشانیوں کے علاج کا ایک بہترین طریقہ ہے۔
مختلف بیماریوں(خواہ وہ پیدائشی ہوں یا کسی حادثہ یا بیماری کے نتیجے میں پیش آئی ہوں ) سے شفایابی اور صحت و تندرستی کے لئے فزیوتھراپسٹ کی شدید ضرورت پڑتی ہے ۔فزیو تھراپسٹ کے لئے ضروری ہے کہ اس کو انسانی جراحی کی بھر پورمعلومات ہو اور وہ اعصاب( پٹھوں)عضلات اور نسوں کی حرکتوں اور عمل سے اچھی طرح واقف ہو۔فزیو تھراپسٹ چونکہ مختلف طرح کی بیماریوں کا علاج کرتا ہے اس لئے مختلف شعبوں میں اسپیشلائزیشن کا امکان موجودہے۔ جیسے پیڈیاٹرکس، گیریا ٹرکس، آرتھوپیڈکس، اسپورٹ فزیکل تھیرپی، نیورولوجی، کلینکل الیکٹرو فزیولوجک اور کارڈیو پلمونیری تھرا پی وغیرہ۔
کورس کی تفصیل
فزیو تھراپی کا کام صحت کی بحالی اورامراض کا علاج ہے، اسی لئے چیلنج سے بھر پور ہے لیکن ساتھ ہی نفع بخش بھی ہے۔ اس کے اندر جسمانی معائنہ کرنے اور امراض کی تشخیص کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔وہ بیماریوں کا علاج کرنے اور مریض کی تکلیفوں اور شکایتوں کو دور کرنے کے لئے موزوں اور مناسب فزیکل تھراپی کا انتخاب کرتا ہے اور اس بات پر نظر رکھتا ہے کہ علاج کتنا مؤثر اور کارگر ثابت ہورہا ہے۔ فزیوتھراپسٹ مریض کا علاج کرنے کے لئے مختلف معالجاتی تکنیک استعمال کرتا ہے۔ فزیوتھراپسٹ کے ذریعہ استعمال کی جانے والی چند معالجاتی تکنیک مندرجہ ذیل ہیں۔ مینول تھراپی، ٹی ای این ایس (درد پر قابو پانے کے لئے اعصاب میں برقی رودوڑانے کا عمل)، الٹرا ساؤنڈتکنیک، الیکٹریکل مسکلر اسٹیمولیشن، منی پولیشن،اکوپنکچر وغیرہ۔
بہر حال فزیو تھرا پسٹ کا کام بہت ہی توجہ طلب ہوتاہے۔اس کے لئے پوری طرح مستعد اور سرگرم رہنا ضروری ہے، کیونکہ یہ مریضوں کو درد سے راحت دینے اور دیگر جسمانی امراض سے چھٹکارا دلانے کا کام ہے،لہٰذا مستعدی ضروری ہے۔
فزیو تھراپی میںبی پی ٹی‘ ایم پی ٹی اور قلیل مدتی کورسز دستیاب ہیں، لیکن تمام کورسز حکومت کے ذریعہ منظور شدہ نہیں ہیں۔فزیو تھراپی میں ڈگری سطح کے کورسز عموماً 3سے 4سال کے ہوتے ہیں ۔ ڈگری سطح کے کورس کے آخری 6مہینے اسپتال میں عملی تربیت پر مشتمل ہوتے ہیں۔میڈیکل سائنس کی بنیاد پرفزیوتھراپی کا کورس اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ طلبہ انسانی جسم سے متعلق بنیادی معلومات زیادہ سے زیادہ حاصل کرسکیں۔ کورس کے نصاب میں جراحی، فزیولوجی، پیتھولوجی، فارماکولوجی، سائیکالوجی، میڈیکل اور سرجیکل کنڈیشن وغیرہ شامل ہیں۔ کورس کا ایک بڑا حصہ عملی کام پر مشتمل ہے، جس میں ایک تربیتی پیریڈشامل ہے، جہاں طلبہ مختلف اسپتالوں اور اداروں کے ماہرین کی نگرانی میں کام کرتے ہیں۔
اہلیت:
وہ طلبہ جن کا بیک گراؤنڈ سائنس ہے وہ کریئر کے طورپر فزیو تھراپی کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔ عملی فزیو تھراپسٹ  بننے یا پروفیشنل کے طور پر کسی کلینک یا اسپتال میں ملازمت کرنے کے لئے بی ایس سی کی ڈگری ہونا ضروری ہے۔ اگر کوئی چاہے تو پوسٹ گریجویشن بھی کرسکتاہے۔فزیو تھراپی کے کورس میں داخلے کے خواہشمندکے لئے ضروری ہے کہ اس نے فزکس، کیمسٹری، بایولوجی اور انگلش کے ساتھ10+2ا مساوی امتحان پاس کرلیا ہو اور ہر سبجیکٹ میں کم ازکم 50فیصد نمبر حاصل کئے ہوں۔ امیدواروں کے لئے عمر کی حد 17سال ہے۔
انتخاب:
داخلے انٹرنس امتحان کے ذریعہ ہونگے۔ بیچلر آف فزیوتھراپی کورس میں داخلے کے لئے ایک کامن انٹرنس ٹیسٹ ہوگا۔ داخلے ’’کامن انٹرنس ٹیسٹ‘‘ میں حاصل کئے گئے نمبروں کی بنیاد پر ہونگے۔
کریئر:
فزیوتھراپسٹ کے لئے ملازمت کے مواقع بہت زیادہ ہیں،کیونکہ یہ ایک ایسا میدان ہے جس میں پروفیشنلز کی مانگ روز بروز بڑھتی ہی جارہی ہے۔ایک فزیو تھراپسٹ بازآبادکاری کے محکموں، میونسپل کارپوریشنز اور پرائیویٹ سیکٹروں میں ملازمت حاصل کرسکتا ہے۔ طبی اداروں میں ان کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
ایک اچھا فزیوتھراپسٹ  بننے کے لئے ضروری ہے کہ آپ کے اندرنہ صرف تجزیاتی ، سائنسی اور منطقی اسباب بیان کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہو، بلکہ آپ مسائل کوبہتر سے بہتر طریقے سے حل کرنے کی خوبیوں سے بھی آراستہ ہوں۔ ان کے علاوہ آپ میں صبر وتحمل کا مادہ کوٹ کوٹ کر بھراہو اورآپ کے دل میں لوگوں کے تئیں مشفقانہ جذبات ہوں ۔آپ میں قوت برداشت اعلیٰ درجے کی ہو اور گھنٹوں کام کرنے میں تھکاوٹ محسوس نہ کریں۔
اعصابی ودماغی نسوں کی تکلیفوں میں مبتلا مریضوں کے علاج میں فزیو تھراپسٹ  کا اہم رول ہوتا ہے ۔ دیگر تمام طبی اور پیرا میڈیکل پیشہ وروں کی طرح فزیوتھراپسٹ  بھی اسپتالوں، آرتھوپیڈک محکموں، معذور افرادکے باز آبادکاری مراکز، ذہنی اور جسمانی طور پر معذور بچوں کے اسکولوں،طبی اداروں اورفوجی اسپتالوں میںملازمت کرسکتا ہے۔
اس کے علاوہ فزیوتھراپسٹ  تدریس کا پیشہ بھی اختیار کرسکتا ہے یا چاہے تو پرائیویٹ کلینک کھول سکتا ہے۔فزیوتھراپسٹ  کی اندورن ملک میںہی نہیں بلکہ بیرون ملک میںبھی ان کی کافی ڈیمانڈہے۔ان کی سب سے زیادہ مانگ امریکہ، کناڈا اور آسٹریلیا میں ہے۔
سرکاری اسپتالوں میں فزیوتھراپسٹ کی تنخواہ 3000سے  5000تک ہوتی ہے، لیکن پرائیویٹ اسپتال والے اچھا پیکیج دیتے ہیں۔متوسط درجے کے اسپتالوں میں فزیوتھراپسٹکی تنخواہ7050 سے 10,000تک ہوتی ہے، تاہم خود کے کلینک سے ماہانہ 20,000سے40,000 روپئے تک کمائے جا سکتے ہیں۔
اہم ادارے
امر جیوتی انسٹی ٹیوٹ آف فزیو تھراپی
کڑ کڑ ڈوما، وکاس مارگ، نئی دہلی110092-
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی
جواہر لال نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ
ڈیپارٹمنٹ آف آرتھوپیڈک سرجری
پوسٹ باکس نمبر52-‘علی گڑھ (اترپردیش)
اپیجائے(apeejay) کالج آف فائن آرٹس
بھگوان مہاویر مارگ، نیو جواہر نگر، جالندھر،پنجاب
اپولو انسٹی ٹیوٹ آف ہاسپیٹل ایڈمنسٹریشن
اپولوہاسپیٹل کیمپس‘ جوبلی ہلز‘ حیدرآباد، آندھراپردیش
کیپٹل ایجوکیشن ٹرسٹ(آر)
9بی سی آئی ای، اولڈ مدراس روڈ‘ دوروانینگا، بنگلور، کرناٹک
بی ایس کالج آف فزیو تھراپی
114اولڈ مہابلی پورم روڈ، چنّئی
کورس فیس
تقریباً 70,000روپے سالانہ
ایڈمیشن فیس
تقریباً 5000روپے

Share Article

One thought on “نوجوانوں کے لئے کریئر گائیڈ:فزیوتھراپی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *