راجیو شکلا کی کمپنی میں شاہ رخ خاں کے 10کروڑ
آئی پی ایل تنازع میں یوں تو بڑی بڑی مچھلیاں جال میں پھنس چکی ہیں این سی پی اور بی جے پی کا نام تو آئی پی ایل گھوٹالہ میں چمک ہی رہا تھا بھلا کانگریس کیوں پیچھے رہتی۔ سنا ہے کہ آئی پی ایل گورننگ کونسل کے رکن راجیو شکلا کی کمپنی میں شاہ رخ خاں اور ان کی بیوی گوری نے 10کروڑ روپے لگائے ہیں۔بگ گلیمر نام کی اس میڈیا کمپنی میں پیسہ جب لگایا گیا جب جنوری فروری 2008کو آئی پی ایل کے پہلے سیزن کے لئے بولی ختم ہونے والی تھی۔ ویسے یوں تو کئی سوال لوگ بھی اٹھا رہے ہیں اور ہماری چھوٹی سی عقل بھی نہیں سمجھ پا رہی کہ آخر شاہ رخ خاں نے ایک ایسی کمپنی میں اس وقت پیسہ کیوں لگایا جو بھاری نقصان میں تھی۔ کیونکہ 2007-8میں کمپنی کا گھاٹہ 90کروڑ تھا جو 2009میں بڑھ کر 400کروڑ تک ہو گیا یا پھر اس لئے لگایا گیا کہ راجیو شکلا آئی پی ایل کی اس گورننگ کونسل کے رکن بھی ہیں جو فرینچائزی بانٹتی ہے۔
اب شاہ رخ خاں ٹھہرے دلوالے آد می جو جب چاہیں، جیسے چاہیں اس آئی پی ایل کی جگمگاتی دلہن کو بیاہ کر لے جا سکتے ہیں اور راجیو شکلا ان کا تو صحافت سے سیاست تک کا سفر ۔۔۔کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی۔






